میر یونس عزیز زہری کی وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کو وزارت اعلیٰ کے عہدے کے لئے منتخب ہونے پر مبارک باد

اتوار 19 اگست 2018 19:50

خضدار(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اگست2018ء) اپوزیشن کی جانب سے وزارت اعلیٰ کے عہدے کے لئے مقابلہ کرنے والے رکن بلوچستان اسمبلی وجمعیت علمائے اسلام کے رہنماء میر یونس عزیز زہری نے وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کو وزارت اعلیٰ کے عہدے کے لئے منتخب ہونے پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ جام کمال پورے ایوان کے وزیراعلیٰ ہیں انہیں حکومتی اتحاد اور اپوزیشن کو ساتھ لیکر چلنا ہوگا ،ہم اچھے کاموں میں وزیراعلیٰ کے ساتھ ہونگے اور وہ ہمیں جہاں کہیں گے ہم ان کے ساتھ چلیں گے ،ایسا نہ ہو کہ پسند و ناپسند کی بنیاد پر آپ اپنی حکومت چلائیں ، حزب اقتدار والے ہوں یا حزب اختلاف والے سب نے عوام ہی سے ووٹ لیا ہے ، اور پھر ان عوامی نمائندوں کو اپنے عوام کے ہی پاس جانا ہو گا،کسی بھی ضلع سے امتیازی سلوک برداشت نہیں کی جائیگی اگر ہماری ساتھ ناانصافی ہوتی ہے یا ہمارے حلقوں کے ساتھ ناانصافی ہوتی ہے ، تو اس پر ہم اپنا ردعمل دیں گے ۔

(جاری ہے)

ہم امید رکھتے ہیں کہ نومنتخب وزیراعلیٰ بلوچستان کے مفاد کے لئے کام کریں گے ان خیالات کا اظہار انہوںنے بلوچستان اسمبلی میں خطاب کے بعد میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔رکن بلوچستان اسمبلی میر یونس عزیز زہری نے کہاکہ بلوچستان کے مفاد کے لئے وزیراعلیٰ ہمیں جہاں بھی کہیں گے ہم ان کے ساتھ چلیں گے مثبت اقدامات پر ہم انہیں دادِ تحسین دیں گے اور منفی اقدامات پر بھر پور احتجاج کریں گے ،تاہم منتخب وزیراعلیٰ بلوچستان کو ماضی کی روایات سے ہٹ کر صوبے کے عوام کی بہتر ی کے لئے کام کرنا ہوگا ماضی میں کرپشن کو رواج دیا گیا ،مشیروں کی بھر مار تھی ، صوبے کے غریب عوام کا پیسہ بے دریغ لوٹا گیا ، ان اسکیمات اور منصوبوں کو اہمیت دی گئی کہ جس میں زیادہ سے زیادہ کمیشن حاصل ہو ۔

ایسا نہ ہو کہ ہم آئندہ کسی ایسے دلدل میں پھنسے بلکہ ہمیں ان روایات کو ترک کرنا ہوگا کہ جو صوبے کے عوام کے لئے نقصاندہ ہوں ، عوام نے اپنے نئے نمائندوں کو چنا اس لیئے ہیں کہ وہ تبدیلی لائیں صوبے کے عوام کی بہتری کے لئے کام کریں ، اگرایسا نہیں کیا گیا تو صوبے کے عوام کا ہم پر قرض رہیگا ۔انہوںنے کہاکہ 2018کے الیکشن میں جو ہوا اس پر ہمارے تحفظات ہیں ، اس کے باوجود ہم جمہوری روایات کو پائمال نہیں ہونے دیں گے جمہوریت کے ساتھ ہیںا ورجمہوریت کو مذید پنپنے کا موقع دیا جائیگا ،انہوںنے کہاکہ پی بی 41پر میرزابد ریکی واضح اکثریت سے جیت چکے ہیں ، لیکن ان کا رزلٹ الیکشن کمیشن نے روکے رکھا ہے ،انہیں اسپیکرو ڈپٹی اسپیکر اور وزارت اعلیٰ کے عہدے کو ووٹ دینے سے محروم رکھا گیا،ہمارا مطالبہ ہے کہ الیکشن کمیشن فوری طور پر میر زابد ریکی کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کردے ۔

میر یونس عزیز زہری نے کہاکہ اس وقت صوبے میں پینے کے صاف پانی کا بڑا مسئلہ ہے ہم الیکشن مہم کے دوران جہاں بھی جاتے تھے عوام کا پہلا مطالبہ پینے کے صاف پانی کی فراہمی کا ہوتا تھا اس حوالے سے جام حکومت کو موثر اقدامات اورحکمت عملی وضع کرنا ہوگی تاکہ صوبے کے عوام کے بنیادی مسائل حل ہوں۔