Live Updates

عثمان بزدار کو وزیراعلیٰ پنجاب بنوانے پر عمران خان کا مشکور ہوں،والد فتح محمد خان

سردار عثمان جنوبی پنجاب سمیت پورے صوبے کی ترقی و خوشحالی میں اہم کردار ادا کرینگے، گفتگو

اتوار 19 اگست 2018 20:00

تونسہ شریف (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 اگست2018ء) تحریک انصاف کے پنجاب کے نامزد وزیر اعلی سردار عثمان خان بزدار کے والد سابق ممبر پنجاب اسمبلی بزدار قبیلہ کے چیف فتح محمدخان بزدار نے کہا ہے کہ عمران خان نے میرے بیٹے عثمان خان بزدار کو وزیر اعلی پنجاب بنوا کر تاریخ ساز فیصلہ کیا، سردار عثمان پنجاب خصوصا جنوبی پنجاب کی ترقی و خوشحالی میں اہم کردار ادا کریں گے۔

(جاری ہے)

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ن لیگ اورپیپلز پارٹی کی سابقہ حکومتوں کے دور میں ہمارے پسماندہ علاقے کو نظر انداز کیا گیا، یہی وجہ ہے کہ الیکشن میں جنوبی پنجاب کے عوام نے دونوں جماعتوں کو مسترد کر کے پی ٹی آئی کو بھاری اکثریت سے کامیابی دلائی اور عمران خان کی قیادت پر مکمل اعتماد کیا۔انہوں نے کہاکہ عمران خان کا مشکور ہوں اورمجھے خوشی ہے کہ پی ٹی آئی کی قیادت نے اپنے منشور کے مطابق ایک پسماندہ علاقے سے وزیراعلیٰ پنجاب کا انتخاب کیا اور اسے آج وزیراعلیٰ پنجاب منتخب کروایا۔

انہوں نے کہاکہ سردار عثمان خان بزدار کا تعلق جنوبی پنجاب کے پسماندہ اور دور افتادہ علاقے تونسہ شریف سے ہے جو آج بھی تمام بنیادی سہولیات سے محروم ہے خصوصا ڈیرہ غازی خان کا ٹرائبل ایریا پسماندگی کا شکار ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات