پنجاب بھر میں کالعدم تنظیموں کی آڑ میں دینی مدارس کیلئے قربانی کی کھالیں جمع کرنے پر پابندی افسوسناک ہے،صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی

نومنتخب وزیر اعظم پاکستان مدارس کے ساتھ زیادتی کا فوری نوٹس لیں،۔ دینی مدارس بہترین این جی اوز کا کردار اداکررہے ہیں، علماء سے گفتگو

اتوار 19 اگست 2018 20:00

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 اگست2018ء) پنجاب بھر میں کالعدم تنظیموں کی آڑ میں دینی مدارس کیلئے قربانی کی کھالیں جمع کرنے پر پابندی افسوسناک ہے۔دینی مدارس کا کالعدم تنظیموں اور دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں۔ قربانی کی کھالوں کیلئے این ،او،سی کے حصول کیلئے رکاوٹیں پیدا کی جارہی ہیں۔ایک سازش کے تحت دینی مدارس کو بند کرنے کیلئے پابندیوں کا سلسلہ دوبارہ شروع کیا جارہا ہے۔

نومنتخب وزیر اعظم پاکستان مدارس کے ساتھ ہونے والی زیادتی کا فوری نوٹس لیں۔ دینی مدارس بہترین این جی اوز کا کردار اداکررہے ہیں۔ پاکستان کی سلامتی ،استحکام اور امن وامان کے قیام کیلئے ہمیشہ کلیدی کرداراداکیا ہے۔یہ بات مرکزی علماء کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے علماء سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دینی مدارس کے ساتھ محاذ آرائی سے گریز کیا جائے۔

دینی مدارس معاشرے کے لاکھوں مستحق طلباء و طالبات کو دینی و عصری تعلیم سے بہرہ ور کررہے ہیں اس لحاظ سے پاکستان کی سب سے بڑی این جی اوز ہیں جس کا عالمی ادارے بھی اعتراف کرچکے ہیں ۔ حکومت کی جانب سے وفاق المدارس العربیہ پاکستان سمیت اتحاد تنظیمات مدارس کی قیادت کو یقین دہانی بھی کروائی گئی تھی کہ قربانی کی کھالوں کے مسئلہ پر دینی مدارس کیلئے مشکلات پیدا نہیں کی جائیں گی۔

اس کے باوجود دینی مدارس کو اجازت نامے جاری نہیں کئے جارہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایک سازش کے تحت عالمی ایجنڈے کو پورا کرنے کیلئے دینی مدارس پرمختلف پابندیا ںعائد کی جارہی ہیںجو کہ سراسر زیادتی اور ناانصافی ہے۔ ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ خصوصاًپنجاب اور فیصل آباد ڈویژن میںدینی مدارس کیلئے قربانی کی کھالیں جمع کرنے کیلئے لگائی گئی پابندیوں کو فی الفور ختم کیا جائے اور مدارس کو قربانی کی کھالیں جمع کرنے کیلئے فی الفور این او سی جاری کئے جائیں ۔