محکمہ خزانہ پنجاب کی ہدایت پر وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی ڈاکٹر قیصر مشتاق کے خلاف غیر قانونی تقرریوں اور اختیارات کے ناجائز استعمال پر کارروائی شروع

اتوار 19 اگست 2018 20:00

بہاولپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 اگست2018ء) محکمہ خزانہ پنجاب کی ہدایت پر ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی ڈاکٹر قیصر مشتاق کے خلاف مالی کرپشن،اقرباء پروری،سیاسی بنیادوں پر غیر قانونی تقرریوں اور اختیارات کے ناجائز استعمال پر کارروائی شروع کر دی ہے۔ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے گذ شتہ ہفتے جاری چٹھی نمبریSO(Univ)4-1/2016-P میں یونیورسٹی رجسٹرار کو فی الفور رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

یا درہے کہ محکمہ خزانہ نے ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کو وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی ڈاکٹر قیصر مشتاق کے خلاف مالی بے ضابطگیوں،فنڈز میں خرد برد،غیر قانونی بھرتیوں اور سیاسی بنیادوں پر میرٹ کے برعکس من پسند افراد کو نوازنے سمیت دیگر الزامات کے حوالے سے سیکرٹری ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب کو کارروائی کی ہدایت کی تھی۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ وائس چانسلر ڈاکٹر قیصر مشتاق کے خلاف وزیراعظم لیپ ٹاپ سکیم آتشزدگی اور چار دیواری سمیت اوور ٹائم کی مد میں لاکھوں روپے کی کرپشن سمیت دیگر الزامات کے تحت اینٹی کرپشن اور نیب میں کیس زیر سماعت ہیں جبکہ ان کی تعیناتی کا عرصہ چار ماہ بعد ختم ہو جائے گا اور وہ نئی حکومت کے سنبھلنے سے قبل ہی سینڈیکٹ کے اجلاس میں تمام معاملات میں کلین چٹ لینا چاہتے اور پسند نا پسند کی بنیاد پر ملازمین کو مختلف سزا ئیں دینا چاہتے ہیں۔

وائس چانسلر ڈاکٹر قیصر مشتاق پر مسلم لیگ(ن) کے دور اقتدار میں میرٹ کے برعکس ،سیاسی بنیادوں پر تقرریوں اور بڑے پیمانے پر مالی بے ضابطگیوں کے الزامات ہیں ۔تاہم اس حوالے سے اسلامیہ یونیورسٹی کے ترجمان شہزاد احمد خالد نے اپنی جاری پریس ریلیز میں گذشتہ تین سال کے دوران مالی بے ضا بطگیوں اور میرٹ کے برعکس تقرریوں سمیت لوٹ مار پر پردہ ڈالنے کیلئے محکمہ خزانہ اور ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے لیٹر کو بے بنیاد اور من گھڑت قرار دیدیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ معاملہ ختم ہو چکا ہے۔