ٹریفک پولیس کی غفلت،شہری سائلنسر نکلے موٹر سائیکلوں کا شور سہنے پر مجبور ہو گئے

اتوار 19 اگست 2018 20:20

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2018ء) ٹریفک پولیس کی غفلت کے باعث شہری سائلنسر نکلے موٹر سائیکلوں کا شور سہنے پر مجبور ہو گئے ۔

(جاری ہے)

شہریوں نے اے پی پی کو بتایاکہ حالیہ عرصے میں مری روڈ سے ملحقہ علاقوں کے ساتھ ساتھ ٹنچ بھاٹہ ،مصریال روڈ ،اسلم مارکیٹ ،ٹاہلی موہری ،خیابان میراں بخش ،اسلم مارکیٹ سمیت دیگر علاقوں میں منچلے نوجوانوں نے سائلنسر نکلے موٹر سائیکلوں کے شور سے شہریوں کی نیندیں حرام کر رکھی ہیں اور سٹی ٹریفک پولیس خاموشی کی پالیسی اپنائے ہوئے ہے ۔

شہریوں نے قومی خبر ایجنسی کو بتایاکہ سائلنسر نکلے موٹر سائیکلوں کے شور کا عذاب انتخابات کے دوران سامنے آیا تھا جبکہ انتخابات کے خاتمے کے بعد بھی شہریوں کو اس مصیبت سے چھٹکارا نہ مل سکااور عید قرباں کی آمد پر بھی شور کا عذاب شہریوں پر پوری طرح مسلط ہے ۔شہریوں نے ٹریفک پولیس سے مطالبہ کیا کہ شہریوں کو صوتی آلودگی سے دوچار کرنے والے ایسے موٹر سائیکل سوار نوجوانوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے اور کسی سیاسی دبائو کو ملحوظ نہ رکھا جائے ۔