عید الاضحی پر کینٹ میں 650سینٹری ورکرز ،25سینٹری سپروائزرز اور 3سینٹری انسپکٹرز فرائض سر انجام دیں گے

اتوار 19 اگست 2018 20:20

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2018ء) راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ نے عید الاضحی کیلئے صفائی پلان کے تحت قربانی کی آلائشوں کی بروقت تلفی کے لیے نجی شعبے کی گاڑیوں کی بکنگ کاکام مکمل کر لیا ۔ کنٹونمنٹ ایگزیکٹو آفیسر راولپنڈی سبطین رضا نے اے پی پی کو بتایاکہ کینٹ بھر سے قربانی کی آلائشوں کو اکٹھا کرنے اور انہیں ٹھکانے لگانے کے لیے جامع صفائی پلان تشکیل دیا گیا ہے اور اس ضمن میں شعبہ صفائی کوپلان پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کی گئی ہے ۔

انہوں نے کہاکہ عید الاضحیٰ پر سنت ابراہیمی کی ادائیگی کرنے والے شہریوں کو بھی چاہیے کہ قربانی کے جانوروں کی آلائشیں مخصوص پوائنٹس پر پھینکیں اور ان آلائشوں کو کسی بھی صورت نالیوں میں بہانے یا نالوں میں پھینکنے سے گریز کیا جائے ۔

(جاری ہے)

چیف سینٹری انسپکٹر وارث بھٹی نے اے پی پی کو عید الاضحیٰ صفائی پلان کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایاکہ عید صفائی پلان کے تحت کینٹ بورڈ دفتر میں مرکزی شکایات سیل قائم کیا جائے گا جو کہ عید الاضحیٰ کے تینوں ایام میں 24گھنٹے فعال رہے گا جبکہ راولپنڈی کینٹ کی تمام دس وارڈز میں بھی ایک ایک شکایات سیل قائم کیاجائے گا ۔

وارث بھٹی نے قومی خبر ایجنسی کو بتایاکہ عید الاضحیٰ کے لیے تشکیل دیئے گئے صفائی پلان کے دوران 650سینٹری ورکرز ،25سینٹری سپروائزرز اور 3سینٹری انسپکٹرز اپنے فرائض سر انجام دیں گے ۔ہر وارڈ کا سپروائزر اپنی وارڈ کی مرکزی قربان گاہوں کی بروقت صفائی ،فینائل و تیزاب سے دھلائی اور چونے کے چھڑکائو کا ذمہ دار ہو گا ۔وارث بھٹی نے بتایاکہ راولپنڈی کینٹ میں مجموعی طور پر 26مقامات پر اجتماعی قربانی کی جائے گی جن کی عید کے تینوں ایام میں روزانہ کی بنیاد پر صفائی کی جائے گی ۔

ایک سوال کے جواب میں وارث بھٹی نے قومی خبر رساں ادارے کو بتایاکہ عید الاضحیٰ کے لیے صفائی پلان میں کینٹ بورڈ کے ذاتی 20منی ٹرپرز ،11ڈمپرز 09ٹریکٹر ٹرالی ،5سوزوکی پک اپ ،5کمپیکٹر ،5ٹرک ،6شاولز ،1ایکسویٹر ،کے ساتھ ساتھ نجی شعبے سے کرایہ کی بنیاد پر حاصل کیے گئے 8ڈمپرز (10ویلرز )2ایکسویٹرز ،10سوزوکی پک اپ ، 05ٹریکٹر ٹرالی اور 7شہ زور بھی صفائی پلان کا حصہ ہوں گے ۔

چیف سینٹری انسپکٹر وارث بھٹی نے آفیشل نیوز ایجنسی سے بات چیت کرتے ہوئے بتایاکہ عید الاضحیٰ کے صفائی پلان کے تحت چونگی نمبر 22،راول سی این جی پشاور روڈ اور پولیس اسٹیشن روڈ پر ٹرانسفر پوائنٹس قائم کیے جائیں گے جہاں سے یہ آلائشیں ڈمپنگ پوائنٹ تک منتقل کی جائیں گی ۔ترجمان راولپنڈی کینٹ قیصر محمود نے اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے بتایاکہ عید صفائی پلان کی نگرانی سی ای او کینٹ سبطین رضا اور ایڈیشنل سی ای او کریں گے جبکہ انچارج سینی ٹیشن مرکزی شکایات سیل سمیت تمام وارڈز میں قائم کیے گئے شکایات سیل کی مانیٹرنگ کریں گے ۔

انہوں نے بتایاکہ اس ضمن میں تمام شکایات سیل اور علاقہ سینٹری سپروائزرز کے فون نمبرز کی تشہیر کی جائے گی تاکہ ہر علاقے کے مکین اپنے متعلقہ سینٹری سپروائزر سے رابطہ کر کے آلائشیں اٹھوانے کے عمل کو یقینی بنا سکیں ۔