اسٹریٹ کرائمز پر صرف کنٹرول نہیں بلکہ اس کا خاتمہ ہونا چاہئے، وزیراعلی سندھ

اتوار 19 اگست 2018 20:20

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2018ء) نومنتخب وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ اسٹریٹ کرائمز پر صرف کنٹرول نہیں بلک اس کا خاتمہ ہونا چاہئے۔جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق یہ بات انہوں نے وزیر اعلی ہائوس میں حلف اٹھانے کے بعد اپنے پہلے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے آئی جی پولیس سندھ کو ہدایت کی کہ وہ اسٹریٹ کرمینلز کے خلاف کریک ڈائون شروع کریں ۔

انہوں نے کہا کہ انہوں نے اسمبلی میں اپنی تقریب میں کہا تھا کہ امن و امان کا قیام ان کی اولین ترجیح ہے اور یہی وجہ ہے کہ آج بروز اتوار میں یہ اجلاس منعقد کررہاہوں۔انہوں نے کہا کہ اسٹریٹ کرائم کے خاتمے کے لیے تمام تر حکومتی کاوشوں کو بروئے کار لایاجائے اور شہر میں امن و امان بحال کیاجائے لہذا اس سماجی برائی کے خاتمے کے لیے سخت کارروائی کرنے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

انسپکٹر جنرل آف پولیس نے وزیر اعلی سندھ کو بتایا کہ ٹارگیٹڈ آپریشن جاری ہے اور اس کے اچھے نتائج سامنے آئیں گے۔اس پر وزیر اعلی سندھ نے کہا کہ ٹارگیٹڈ آپریشن مزید سخت اور موثر طریقے سے کیا جائے ۔انہوں نے انہیں ہدایت کی کہ اسٹریٹ کرائم کو کنٹرول کرنے کے لیے ایس ایچ اوز ذمہ دار ہیں نہیں تو ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ایڈیشنل آئی جی کراچی ڈاکٹر امیر شیخ نے کہا کہ اسٹریٹ کرائمز کے پیچھے ڈرگ مافیا اور دیگر مافیا ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ لوگ جو کہ شہر میں گدا گروں کا ریکٹ چلا رہے ہیں وہ بھی اسٹریم کرائم میں ملوث ہیں ۔ وزیراعلی سندھ نے آئی جی پولیس کو ہدایت کی کہ وہ ڈرگ مافیا بشمول منشیات فروشوں اور منشیات استعمال کرنے والوں کے خلاف آپریشن شروع کریں ۔عید کے فورا بعد منشیات کے عادی افراد کو بحالی کے مراکز یا پھر ویلفیئر تنظیموں میں بھیجنے کے لیے تمام تر ضروری اقدامات کیے جائیں ۔

انہوں نے کہا کہ وہ گدا گروں کو تمام چوراہوں پر کھڑے ہوئے نہیں دیکھنا چاہتے لہذا ان کے خلاف آپریشن ہونا چاہیے۔ وزیراعلی سندھ نے آئی جی پولیس کو ہدایت کی کہ وہ عیدالاضحی کے دنوں کے دوران امن و امان کو برقرار رکھیں۔انہوں نے کہا کہ عید کے بعد اس شہر کو اسٹریٹ کرائم سے پاک کرنے کے لیے ایک جامع پلان ترتیب دیاجائے گا اور اسی قسم کی پالیسی صوبے کے دیگر اضلاع میں بھی اپنائی جائے گی جہاں پر امن و امان کی صورتحال خراب ہے۔