Live Updates

وزیراعلی عثمان بزدارکاانتخاب صوبہ جنوبی پنجاب کی جانب پہلا قدم ہے،سرائیکی دانشوروں کا خیرمقدم

اتوار 19 اگست 2018 21:20

ملتان ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2018ء) سرائیکی تحریک کے رہنمائوں ،دانشوروں اور ادیبوں نے عثمان بزدار کے وزیراعلی منتخب کا خیر مقدم کیا ہے اور اسے جنوبی پنجاب صوبے کی جانب پہلا قدم قراردیا ہے۔ اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے سرائیکی تنظیموں کے رہنمائوں رانا فرارنون، عابدہ بخاری اور ساجدہ لنگاہ نے کہا کہ ڈیرہ غازی خان کے پسماندہ علاقے سے وزیراعلی کا انتخاب ایک غیرمعمولی واقعہ ہے اورہمیں امید رکھنی چاہیے کہ اس کے نتیجے میں خطے کے مسائل حل کرنے میں مدد ملے گی۔

معروف سرائیکی شاعر اورماہرتعلیم مقبول گیلانی نے کہاکہ آج خوشی کادن ہے اور ہم وسیب کے لوگ اس بات پر خوش ہیں کہ عمران خان نے ایک ایسے شخص کو صوبے کا وزیراعلی بنایا جو ہم میں سے ہے۔

(جاری ہے)

سرائیکستان قومی کونسل کے مرکزی چیئرمین پروفیسر شوکت مغل اور مرکزی صدرظہور احمد دھریجہ نے کہاکہ خوشی کی بات ہے کہ وزیراعلی عثمان بزدار کا تعلق سرائیکی علاقے سے ہے۔

اس کے بعد ہمیں یقین ہوگیا ہے کہ وزیراعظم نے 100روز میں الگ صوبے کا جو وعدہ کیا اس کی جانب تیزی سے پیش قدمی ہوگی۔ سردار عثمان بزدار پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ دیگر معاملات کے ساتھ ساتھ اس خطے کے اس بنیادی مطالبے کے حل کے لیے کوششوں میں تیزی پیدا کریں۔انہوںنے مزید کہاکہ ماضی میں یہ تاثررہا ہے کہ سرائیکی خطے کے پسماندگی میںخطے کے سیاستدانوںکاہاتھ ہے جو اقتدار میں رہ کر بھی اس خطے کے لیے کام نہیں کرتے۔انہوں نے کہاکہ ہمیں یقین ہے کہ سردار عثمان بزدار اس تاثر کو ختم کردیں گے۔سینئر صحافی اور کالم نگار مسیح اللہ جامپوری نے کہا کہ یہ تاریخی لمحہ ہے ۔ہمیں اپنے وزیراعلی پر الزامات عائد کرنے کی بجائے ان کے ہاتھ مضبوط کرنے چاہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات