Live Updates

انتخابات پر ہمیشہ تحفظات موجود رہتے ہیں المیہ ہے کہ شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخاب میسر نہیں ‘لیاقت بلوچ

دھاندلی ، انجینئرڈ انتخاب، من پسند نتائج ہمیشہ حقیقت ہی ہوتے ہیں اس کے باوجود حکومتیں قائم ہوتی ہیں‘سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی

اتوار 19 اگست 2018 21:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اگست2018ء) جماعت اسلامی پاکستان اور متحدہ مجلس عمل کے سیکرٹری جنر ل لیاقت بلوچ نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو وزیراعظم پاکستان منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے ۔انہوںنے کہاکہ نوجوان ، سوشل میڈیا اور سرگرم کارکنان نے مسلسل اور انتھک محنت کی ۔ اب اپوزیشن کا مرحلہ گزر گیا اور وعدوں و اعلانات کی تکمیل کا مرحلہ شروع ہوگیاہے ۔

جماعت اسلامی حکومت کے اچھے کاموں ، عوامی فلاحی پروگرامز ، اسٹیٹس کو توڑنے ، قومی معیشت کو سود کی لعنت سے نکالنے کے اقدامات کا خیر مقدم اور تحسین کرے گی ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ انتخابات پر ہمیشہ تحفظات موجود رہتے ہیں المیہ ہے کہ شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخاب میسر نہیں ۔

(جاری ہے)

دھاندلی ، انجینئرڈ انتخاب، من پسند نتائج ہمیشہ حقیقت ہی ہوتے ہیں اس کے باوجود حکومتیں قائم ہوتی ہیں ۔

آئینی عرصہ گزارتی ہیں لیکن عزت و وقار ، جمہوری استحکام بہر حال شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات سے ہی آئے گا ۔ انہوں نے کہاکہ 2018 ء کے انتخابات دھاندلی زدہ ہیں، 2013ء میں دھاندلی کے خلاف احتجاج کے لیے خود عمران خان نے روڈ میپ دیا تھا ، انتخابات کی پڑتال اور اعتماد پیدا کرنے کے لیے اقدامات تو اب انہیں خود کرناہیں ۔ فوری طور پر پارلیمانی کمیشن بنے ، مضبوط ٹی اوآرز دیے جائیں۔ انہوںنے کہاکہ عمران خان نے بائیس سالہ جدوجہد میں تنقید ، تجزیوں ، اعلانات ، وعدوں ، تبدیلی اور اقدامات کے لیے امیدوں کو بام عروج پر پہنچا دیا ۔ یہ حقیقت ہے کہ ان کے لشکر میں آزمائے پرزے ، گھاگ سیاسی پرندے ، ریموٹ کنٹرول ممبران اور گروہ ہیں ۔ عمران خان کو عوامی توقعات کو پورا کرنا ہوگا ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات