مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ سنٹرل پنجاب کا صوبائی،ضلعی،تحصیلی عہدیداران کااہم اجلاس

اتوار 19 اگست 2018 21:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 اگست2018ء) مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ سنٹرل پنجاب کے صوبائی،ضلعی،تحصیلی عہدیداران کااہم اجلاس مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹائون میں منعقد ہوا۔اجلاس کی صدارت مرکزی صدر عرفان یوسف نے کی۔اجلاس میں نو منتخب صوبائی عہدیدران فرحان عزیز،فہد سردار ،ضیاالرحمان کو مبارکباد دی گئی،موجودہ ملکی حالات میں طلباء کے کردار اور آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے بھی تفصیلی مشاورت کی گئی۔

اجلاس میں سیکرٹری جنرل مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ رانا تجمل،یونس نوشاہی، میاں عنصر،فراز ہاشمی،احسن ایاز کھیتران ،آصف چیمہ،سفیان مغل،آصف عزیز،احمد جٹ،رانا احسن،انجینئر وقار و دیگر عہدیداران شریک تھے ۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عرفان یوسف نے کہا کہ موجودہ ظالمانہ سیاسی نظام طلباء کی امنگوں اور آرزئوں کا قاتل ہے، جس عوام دشمن نظام نے کئی دہائیوں سے جکڑ رکھا ہے وہ اتنا سادہ نہیں کہ چار دن میں تبدیلی آ جائے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر طاہر القادری کی سیاسی جدوجہد نے قاتل،کرپٹ عناصر کو بے نقاب کیا۔مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ سے وابستہ طلباء تاریخ کا رخ موڑنا اور اپنا حق لینا جانتے ہیں۔ملک بچانے کیلئے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا ۔ڈاکٹر طاہر القادری غریب عوام کو غلامی سے نجات دلانے کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس عظیم جدوجہد میں طلباء کو شریک کرنے کیلئے ڈاکٹر طاہر القادری کا پیغام ہر کالج اور یونیورسٹی تک پہنچا رہے ہیں۔

سربراہ عوامی تحریک ملت اسلامیہ کیلئے جو درد رکھتے ہیں وہ ہمیں ہر سینے میں منتقل کرنا ہو گا تاکہ پاکستان کو خوشحالی،عزت و وقار مل سکے ۔سیکرٹری جنرل مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ رانا تجمل نے کہا کہ سیاست لوٹنے کا نہیں عوام کے مسائل حل کرنے کا نام ہے مگر ماڈل ٹائون میں معصوم شہریوں کو قتل کرنیوالے شریف برادران نے لوٹ مار کا بازار گرم کئے رکھا آج کا پاکستان ان کرپٹ عناصر کی وجہ سے بانی پاکستان کی سوچ سے متصادم دکھائی دیتا ہے ،نظام تعلیم بکھر چکا ہے،صحت کی سہولیات میسر نہیں ان حالات میں صرف ڈاکٹر طاہر القادری کی سوچ مثبت اور درست سمت پر ہے ۔

انہوں نے کہاکہ شریف برادران جان لیں کہ ہم سانحہ ماڈل ٹائون میں ہونیوالے ظلم کو نہیں بھولے۔انصاف کے حصول تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ماڈل ٹائون کے بے گناہوں کا خون بہانے والے اسی دنیا میں حساب دے کر رخصت ہونگے۔گونگے بہرے نظام کو مظلوموں کی آہیں سننا ہوں گی۔سانحہ ماڈل ٹائون کو 4سال گزر گئے ابھی تک 14شہدا اور 100زخمیوں کو انصاف نہیںملا۔ماڈل ٹائون میں ظلم ہوا،انصاف کے ادارے اور منصف مظلوموں کو انصاف دلوا کر اپنا وعدہ کریں،جب تک سانس چل رہی ہے انصاف کیلئے آواز بلند کرتے رہینگے۔