ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں کی نمائش مذاہب کو لڑانے کی عالمی سازش ہے‘ذیشان انور

اتوار 19 اگست 2018 22:20

گوجرانوالہ۔19 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2018ء) صدر اوورسیز عام لوگ پارٹی ‘سیکرٹری جنرل او پی یو ذیشان انور نے کہا ہے کہ ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں کی نمائش امت مسلمہ کی غیرت کیلئے چیلنج ہے ۔ مسلم حکمران گستاخانہ خاکوں کی نمائش رکوانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں ۔ حکومت پاکستان ہالینڈ کی اہانت رسول کیخلاف موثر صدائے احتجاج بلند کرے ۔

مغرب میں پھیلتا گستاخانہ کلچر عالمی امن کیلئے شدید خطرہ ہے ‘گستاخانہ خاکوں کی نمائش کرنیوالے دنیا کے سب سے بڑے دہشت گرد ہیں ‘پاکستانی حکومت ہالینڈ کے سفیر کو ملک بدر کرے‘گستاخانہ خاکوں کی نمائش کا اعلان مذاہب کو لڑانے کی عالمی سازش ہے ‘عالمی ادارے اور مسلم امہ اس شیطانی گستاخانہ نمائش کو رکوانے کیلئے اپنا موثر و بھرپور کردار ادا کرے ۔

(جاری ہے)

یو این او اپنے چارٹر کے مطابق ہالینڈ کی پارلیمنٹ کے اس شیطانی اعلان کیخلاف کارروائی کرے کیونکہ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق چارٹر میں کسی بھی مذہب کے ماننے والوں کی مقدس شخصیات کی توہین سراسر ناقابل تلافی جرم ہے ۔ تاجدار ختم نبوت کی غلامی اور ان کی حرمت و ناموس پر مر مٹنا ہر مسلمان کی سب سے بڑی آرزو ہے ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں کا معاملہ عالمی امن کا تباہ کرنیکی بھیانک سازش ہے ۔ذیشان انور نے مزید کہا کہ ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں کی نمائش کا مقصد امت مسلمہ کی دل آزاری ہے جسکی جتنی مذمت کی جائے کم ہے ۔ نبی کریمؐ کی شان میں گستاخی پر اسلامی ممالک کی خاموشی افسوسناک ہے۔