Live Updates

حکومت کی ناکامی ، مسلم لیگ ن نے اپنے منصوبے پر کام کا آغاز کر دیا

مسلم لیگ ن نے اپنے رہنماؤں اور کارکنان کو زبانی ہدایات جاری کر دیں

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 20 اگست 2018 11:13

حکومت کی ناکامی ، مسلم لیگ ن نے اپنے منصوبے پر کام کا آغاز کر دیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20 اگست 2018ء) : پاکستان تحریک انصاف کی حکومت سازی اور عمران خان کا وزیراعظم بن جانا مسلم لیگ ن اور دیگر سیاسی مخالفین کے لیے ناقابل قبول ہے۔ اسلامی جمہوریہ پاکستان کے 22 ویں وزیر اعظم کی حیثیت سے عمران خان کے حلف اُٹھانے کے بعد سے ہی پاکستان تحریک انصاف کے خلاف پراپیگنڈنے اور سازشوں کی منصوبہ بندی شروع ہو گئی ہے اور کوشش کی جا رہی ہے کہ کسی بھی طرح پاکستان تحریک انصاف کی حکومت میں خامیاں نکال کر حکومت کو کمزور کیا جا سکے۔

اس حوالے سے مسلم لیگ ن نے بھی پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کو بدنام کرنے اور عوام میں ان کے خلاف نفرت پیدا کرنے کے لیےاپنی منصوبہ بندی مکمل کر کے اس منصوبہ بندی پر باقاعدہ پر کام بھی شروع کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

پنجاب بھر میں موجود مسلم لیگ ن کے چیئرمین کو زبانی ہدایات دی گئی ہیں کہ عید الاضحٰی پر صفائی کے انتظامات میں حصہ نہ لیا ٓجائے اور گندگی پھیلنے پر اپنے کارکنوں کے ذریعے پراپیگنڈہ کرنا ہے کہ کیا یہ تبدیلی ہے ؟ با وثوق ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن نے اپنی وفادار بیوروکریسی کے ذریعے بھی یہ کام شروع کروا دیا ہے اور اسی لیے جگہ جگہ قائم غیر قانونی بکر منڈیوں کے خلاف ٹاؤن، تحصیل اور ضلعی سطح پر کوئی کارروائی نہیں کی جا رہی۔

یہ منصوبہ بندی کی گئی ہے کہ عید کے تینوں روز قربانی کے جانوروں کی اوجڑیاں، چارہ اور دیگرآلائشیں اٹھا کرتلف نہ کی جائیں۔قومی اخبار میں شائع ایک رپورٹ میں کہا گیا کہ مسلم لیگ ن کے چیئرمین کو ہدایات کی گئی ہیں کہ وہ صفائی کے حوالے سے نہ تو کوئی اجلاس بلوائیں اور نہ ہی کسی قسم کا تعاون کریں، کوئی مسئلہ لے کر آئے تو کہا جائے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے ترقیاتی کام بند کروا دیئے ہیں۔اسی طرح پاکستان تحریک انصاف کو سیاسی طور پر نقصان پہنچایا جائے گا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات