کنگنا رناوت قانونی شکنجے میں پھنس گئیں

بروکر کو 22 لاکھ روپے بطور ایک فیصد کمیشن ادا کردیا لیکن وہ 2 فیصد کمیشن کا مطالبہ کررہا ہے، اداکارہ

پیر 20 اگست 2018 11:30

ممبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اگست2018ء) بالی ووڈ کی معروف اداکارہ کنگنا رناوت اسٹیٹ ایجنٹ کو کمیشن کی عدم ادائیگی کی وجہ سے قانونی شکنجے میں پھنس گئیں۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ممبئی کے ایک اسٹیٹ ایجنٹ نے بنگلہ خریدنے میں کمیشن کی مکمل ادائیگی نہ ہونے پر بالی ووڈ اداکارہ کنگنا رناوت، اٴْن کی بہن رنگولی اور اداکارہ کی فنانس ٹیم کے خلاف پولیس اسٹیشن میں درخواست جمع کرادی جس میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ اداکارہ نے بنگلہ خریدنے کے بعد پورا کمیشن ادا نہیں کیا۔

کنگنا رناوت نے الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ بنگلہ خریدنے کے تمام تر معاملات میری فنانس ٹیم دیکھ رہی تھی جب کہ اسٹیٹ ایجنٹ کو گھر کی خریداری پر 22 لاکھ روپے بطور ایک فیصد کمیشن بھی ادا کردیا گیا تھا لیکن اب وہ اچانک 2 فیصد کمیشن کا مطالبہ کر رہے ہیں جوکہ اس ڈیل میں کبھی بھی زیر گفتگو نہیں آیا جب کہ پیسوں کی تمام ادائیگی بینک کے ذریعے کی گئی جس کے مکمل کوائف بھی موجود ہیں۔

(جاری ہے)

درخواست گزار اسٹیٹ ایجنٹ پرکاش روہیرا نے کہا کہ مجھے اندازہ تھا کہ میری شکایت کے بعد اس طرح کا ردعمل دیکھنے میں آئے گا اور چیزوں کو اس طرح دکھایا جائے گا جیسے میں ہی غلط ہوں میرا اس معاملے کو میڈیا میں لے جانے کا کوئی ارادہ نہیں تھا کیونکہ میں ایک عام سا شخص ہوں اور یہ معاملہ اچھالنا میرے لیے خطرناک بھی ہوسکتا ہے۔واضح رہے کہ نامور اداکارہ کنگنا رناوت نے گزشتہ سال اپنی 30 ویں سالگرہ کے موقع ممبئی کے علاقے پارلی ہل میں بنگلہ خریدا تھا۔