آسیہ اندرابی مسلسل چھٹی عید جیل میں گزاریں گی

کشمیری عوام اورآزادی پسند رہنمائوںنے کشمیری قوم کیلئے بے مثال قربانیاں پیش کی ہیں‘دختران ملت

پیر 20 اگست 2018 11:30

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اگست2018ء) مقبوضہ کشمیرمیںدختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی اور انکی ساتھی فہمیدہ صوفی مسلسل چھٹی مرتبہ عید بھارت کی جیل میں گزاریں گی ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق دختران ملت کی طرف سے سرینگر میں جاری ایک بیان میں لوگوں پرزوردیا گیا ہے کہ وہ عید اسلامی تعلیمات کے مطابق سادگی سے منائیں اور آسیہ اندرابی ، ناہیدہ نسرین اور فہمیدہ صوفی سمیت نئی دلی کی تہاڑ جیل میں غیر قانونی طورپر نظربند حریت رہنمائوں اور کارکنوں کی قربانیوںکو یاد رکھیں۔

بیان میں کہاگیا ہے کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے یہ رہنماء عید جیلوںمیں گزار رہے ہیں بلکہ یہ چھٹی عید ہوگی جو آسیہ اندرابی اور فہمیدہ صوفی جیل میں گزاریں گی ۔ دختران ملت نے کہاکہ کشمیری عوام اورآزادی پسند رہنمائوںنے کشمیری قوم کیلئے بے مثال قربانیاں پیش کی ہیں اور اب یہ ہماری ذمہ داری ہے ہم ان کی قربانیوں کویاد رکھیں اور جدوجہد آزادی کو اسکے منطقی انجام تک جاری رکھیں۔

(جاری ہے)

بیان میں کہاگیا کہ تہاڑ جیل میں قید ہماری خواتین رہنمائوںنے بھارتی تسلط سے کشمیری قوم کی آزادی کیلئے اپنے بچوں اور اہلخانہ سے محبت کی قربانی دی ہے ۔ دختران ملت نے کشمیری عوام پر زوردیا کہ وہ آسیہ اندرابی کے شوہر ڈاکٹرقاسم فکتو کی قربانیوں کو بھی فراموش نہ کریں ۔