صحت مندانہ سرگرمیوں کیلئے کھیلوں کا انعقاد بہت ضروری ہے، جنیدخان

کھلاڑی امن کے سفیر ہوتے ہیں اور ان کی وجہ سے کھیل کے میدان آباد ہوتے ہیں

پیر 20 اگست 2018 11:30

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اگست2018ء) خیبر پختونخو ا سپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل جنید خان نے کہا ہے کہ صحت مندانہ سرگرمیوں کے لئے کھیلوں کا انعقاد بہت ضروری ہے اور کھیلوں کے مقابلوں کے ذریعے ہی نوجوان نسل معاشرتی برائیوں سے بچایا جا سکتا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے فیملی آرچری کلب پشاور کے زیراہتمام جشن آزادی آرچری ٹورنامنٹ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر پاکستان آرچری فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل وصال، فیملی آرچری کلب پشاور کی سربراہ نورین شاہ کے علاوہ شائقین کی کثیر تعداد بھی موجود تھی، انہوں نے کہا کہ کھلاڑی امن کے سفیر ہوتے ہیں اور ان کی وجہ سے کھیل کے میدان آباد ہوتے ہیںاور ان کی حوصلہ افزائی کر نا ہمارا سب کا فرض ہے، پاکستان آرچری فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل وصال نے کہا کہ ملک میں آرچری کے کھیل کے فروغ کے لئے تمام اقدامات بروئے کار لائیں گے اور آرچری کے ٹیلنٹ میں دن بدن اضافہ ہورہا ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستا ن کی تاریخ میں پہلی بار پاکستان آرچری فیڈریشن کے صدر لیفٹیننٹ جنرل(ر) سیدعارف حسن نے چار کوچز کو کوچنگ سیمینار میں شرکت کے لئے تائیوان بھیجا. قیوم سٹیڈیم میں کھیلے گئے مردوں کے ایونٹ میں ندیم جان نے چیمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کیا جبکہ نعمان خان اور فرحان اختر بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر رہے خواتین کا ایونٹ اقصیٰ شاہ نے اپنے نام کر لیا جبکہ ایمان شاہ نے دوسری اورزہوا کلثوم نے تیسری پوزیشن حاصل کی، گروپ ایونٹ میں ندیم جان اور اقصیٰ شاہ نے پہلی، نعمان اور ایمان شاہ نے دوسری جبکہ فرحان اور زہوا کلثوم نے تیسری پوزیشن حاصل کی-

متعلقہ عنوان :