ڈیرہ پولیس نے آئس نشہ کے خلاف نئی حکمت عملی ترتیب دے دی

پیر 20 اگست 2018 12:24

ڈی آئی خان۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2018ء) پولیس نے آئس نشہ کے خلاف نئی حکمت عملی ترتیب دے دی ۔آئس نشہ فروخت کرنے والے ملزمان کو گرفتار کرنے کے باوجود آئس کے استعمال میں کمی نہ آنے پر عوام خصوصا طلباء میں آئس کے خلاف شعور وآگاہی اجاگر کرنے کا فیصلہ ،سوشل میڈیا سمیت پرنٹ والیکٹرانک میڈیا کے ساتھ ساتھ علماء ،مشائخ ،یونیورسٹیز ،کالجز انتظامیہ کو بھی خصوصی مہم میں شریک کیا جائے گا۔

پولیس احکام کے مطابق پولیس نے گزشتہ کچھ عرصہ سے منشیات اور خصوصا آئس نشہ کے خلاف خصوصی مہم جاری رکھتے ہوئے کئی اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں جس کے دوران نہ صرف آئس بلکہ دیگرقسم کی منشیات بھی بھاری مقدار میں برآمد کرکے درجنوں ملزمان کو گرفتار کیاگیا ہے۔

(جاری ہے)

ڈیرہ پولیس نے ماہ جولائی دوران منشیات کے خلاف مہم کے دوران 36.184کلوگرام چرس برآمدکرلی ۔

ہیروئن32.15کلوگرام، شراب54بوتل ، آئس75گرام ،بھنگ8کلو برآمدکی ہے جبکہ120ملزمان کو گرفتار کرکے جیل کی سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا گیا ہے مگر دیکھنے میں یہ آیا ہے کہ منشیات کے مقدمات میں مناسب قانون سازی نہ ہونے کی وجہ سے ملزمان جلد ضمانت پر رہا ہوجاتے ہیں اور دوبارہ اپنے مکروہ دھندے میں مگن ہوکر نوجوان نسل کو تباہی سے دوچار کرنا شروع کردیتے ۔