اسلامی جمہوریہ پاکستان کے وزیراعظم عمران خان پر اظہار اعتماد

امریکہ میں دس سال سے مقیم ڈاکٹر نے جائیداد بیچ کر پاکستان آنے کا فیصلہ کر لیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر اگست 11:57

اسلامی جمہوریہ پاکستان کے وزیراعظم عمران خان  پر اظہار اعتماد
امریکہ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20 اگست 2018ء) : پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان بروز جمعہ قائد ایوان منتخب ہوئے جس کے بعد بروز ہفتہ عمران خان نے اسلامی جمہوریہ پاکستان کے 22 ویں وزیراعظم کی حیثیت سے اپنے عہدے کا حلف اُٹھایا۔ وزیر اعظم عمران خان نے گذشتہ روز بحیثیت عوام سے پہلا خطاب کیا جسے پاکستانی عوام میں کافی مقبولیت حاصل ہوئی۔

وزیراعظم عمران خان کے گذشتہ روز کے خطاب نے نہ صرف پاکستانی عوام بلکہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی بھی پذیرائی حاصل کی اور تمام پاکستانیوں نے عمران خان کے لہجے اور ان کے انداز کو بے حد پسند کیا۔ پوری پاکستانی قوم نے وزیراعظم عمران خان کا ساتھ دینے کا اعلان کیا۔ وزیراعظم عمران خان کے خطاب کے بعد بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کا رد عمل بھی سامنے آیا۔

(جاری ہے)

امریکہ میں 10 سال سے مقیم پاکستانی نژاد ڈاکٹر نے اپنی جائیداد بیچ کر پاکستان آنے کا فیصلہ کر لیا۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ویڈیو میں مذکورہ شخص نے بتایا کہ میرا نام ڈاکٹرعمران ہے اور میں امریکہ میں دس سال سے مقیم ہوں اور یہاں فزیشن کے طور پر کام کر رہا ہوں۔ ڈاکٹر عمران نے بتایا کہ میں امریکہ میں نیونیٹولوجی کے اندر ریجنل ڈائریکٹر بھی ہوں۔

اب سے کچھ دیر قبل میں نے اپنے وزیراعظم عمران خان کا خطاب سنا، جس میں انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی بڑھ چڑھ کر اپنے ملک کی ترقی کے لیے ایک اہم کردار ادا کریں۔ تو میں آپ تمام لوگوں کو یہ بتانا چاہتا ہوں کہ میں نے فیصلہ کر لیا ہے اور میں پاکستان واپس آ رہا ہوں۔ میں آ کر اپنے ملک کی خدمت کروں گا۔ ڈاکٹر عمران نے کہا کہ امریکہ میں میرا جھیل کنارے گھر ہے ، میری یہاں جتنی بھی جائیداد ہے میں وہ بیچ کر سارے ڈالرز پاکستان لاؤں گا۔

اور اپنے ملک کو موجودہ مسائل سے مل کر نکالیں گے۔ ڈاکٹر عمران نے کہا کہ میری اہلیہ بھی یہاں فزیشن ہیں ، اور میں نے ان کو بھی نوکری سے استعفیٰ دینے کا کہہ دیا ہے۔ میں اور میرا پورا خاندان یہاں سب کچھ چھوڑ کر اپنے ملک کی خدمت کرنےکے لیے واپس آ رہے ہیں۔اور میری اُمید ہے کہ باقی اوورسیز پاکستانی بھی اپنے ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے۔

کیونکہ اللہ نے ہمیں یہ موقع دیا ہے اور اس میں سب لوگوں نے مل کر اس ملک کو ایک عظیم ملک بنانا ہے ،پھر چاہے کوئی پاکستان میں ہے ، یا پاکستان سے باہر ہے۔ پاکستان زندہ باد۔ ڈاکٹر عمران کی یہ ویڈیو آپ بھی ملاحظہ کیجئیے:

 ڈاکٹر عمران کی یہ ویڈیو وائرل ہونے پر انٹرنیٹ صارفین کا کہنا ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں نے بھی وزیراعظم عمران خان پر اعتماد کا اظہار کیاہے، اور اپنا سب کچھ چھوڑ کر پاکستان آنے کا فیصلہ کیا ہے جو کہ ایک خوش آئند بات ہے۔

ملک میں حقیقی تبدیلی دیکھنے اور پاکستان تحریک انصاف کی حکومت آنے پر بیرون ملک پاکستانیوں نے بھی اطیمنان اور خوشی کا اظہار کیا ہے۔ ملکی معیشت اس وقت تباہ حال ہے اور قرضوں کا بوجھ بڑھ چکا ہے،بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے اس موقع پر اپنے ملک کو اکیلا نہ چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے اور عمران خان اور ان کی پارٹی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کے قرضوں کا بوجھ کم کرنے کے لیے عطیات اکٹھا کرنا شروع کر دئے ہیں۔اوورسیز پاکستانیوں کا کہنا ہے کہ انہیں وزیراعظم عمران خان پر پورا اعتماد ہے کہ وہ ان کے اکٹھے کئے ہوئے عطیات سے متعلق کوئی فراڈ نہیں کریں گے اور ان پیسوں کو صرف غیر ملکی قرضوں کی ادائیگی کے لیے استعمال کریں گے ۔