مقبوضہ کشمیرتعینات بھارتی فوجیوں نے اوڑی بارہمولہ میں 2کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا

پیر 20 اگست 2018 14:05

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2018ء) مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوجیوںنے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران ضلع بارہمولہ میں دو اور نوجوانوں کو شہید کردیا ہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق فوجیوںنے ان نوجوانوںکو ضلع میں اوڑی کے علاقے کستوری نار میں تلاشی اور محاصرے کی ایک کارروائی کے دوران شہید کیا۔ گزشتہ روز بھی اسی علاقے میں بھارتی فوجیوںنے ایک نوجوان کو شہید کردیا تھا جس سے شہید ہونیوالے نوجوانوںکی تعداد بڑھ کر تین ہوگئی ہے ۔

(جاری ہے)

بھارتی فوج کے ایک ترجمان نے سرینگر میں کہا ہے کہ تلاشی کی کارروائی کے دوران ایک نوجوان کی لاش برآمد ہو ئی ہے جبکہ فوجی کارروائی علاقے میں جاری ہے ۔ ادھر ضلع کپواڑہ میں لشدات کے قریب گلاب پوسٹ میں ایک بارودی سرنگ کے دھماکے میں بھارتی فوج کی 57راشٹریہ رائفلز کا ایک اہلکار دلبیر سنگھ ہلاک ہو گیا ۔ دریں اثناء بھارتی پولیس نے گھروں پر چھاپے کے دوران گاندربل اور کپواڑہ سے عرفان احمد میر ، عاشق ، بابا ، ارشاد احمد اور فیروز احمد کو گرفتار کرلیا ہے۔