حضرت بابا بلھے شاہؒ ؒکے عرس مبارک پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کی ہدایات

پیر 20 اگست 2018 14:37

حضرت بابا بلھے شاہؒ ؒکے عرس مبارک پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کی ..
قصور۔20اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2018ء) ڈپٹی کمشنر قصور رانا محمد ارشد اور ڈی پی او قصور سید منتظر مہدی کی زیر صدارت 3 روزہ عرس حضرت بابا بلھے شاہؒ ؒکے سلسلہ میں سیکورٹی سمیت تمام انتظامات کا جائزہ لینے کے حوالے سے اجلاس محکمہ اوقاف کے آفس میں منعقد ہوا ۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر قصور آمنہ مودودی ‘ڈی ایس پی سٹی میاں ارشد ‘سرپرست امور مذہبیہ کمیٹی حاجی محمد صفدر انصاری ‘ چیئر مین امور مذہبیہ کمیٹی عبدالطیف قادری ‘ڈسٹرکٹ منیجر اوقاف رانا اشفاق حسین ‘محکمہ ہیلتھ ‘ایجو کیشن ‘سول ڈیفنس‘واپڈا‘چیف آفیسر بلدیہ قصور ‘ریسکیو 1122‘ ممبران امور مذہبیہ کمیٹی درباربابا بلھے شاہ ؒاور دیگرمتعلقہ افسران نے شرکت کی ۔

اجلاس میں عرس حضرت بابا بلھے شاہؒ ؒ سے متعلق سکیورٹی و دیگر انتظامات کا حتمی جائزہ لیا گیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر رانا محمد ارشد نے واپڈا ‘بلدیہ ‘ہیلتھ ، اوقاف اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ وہ عرس مبارک کے موقع پر اپنی اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے سرانجام دیں۔ انہوں نے میونسپل کمیٹی قصور کے چیف آفیسر کو ہدایت کی کہ دربار کے ارد گرد کے علاقوں ‘سٹرکوں ‘دربار سے ملحقہ قبرستان اور دیگر جگہوں پر زائرین کی سہولت کیلئے لائٹس کا انتظام کیا جائے اور عرس مبارک کے موقع پر صفائی ستھرائی کے بھی خصوصی اقدامات کئے جائیں، پارکنگ سٹینڈڈ دوسہرا گرائونڈ میں قائم کیاگیا ہے ۔

عرس مبارک کے تمام انتظامات سے ہر وقت آگاہی رکھنے کیلئے سینٹرل کنٹرول روم قائم کیا جائیگا جہاں جدید سی سی ٹی وی کیمروں کی مد د سے مانیٹرنگ کی جائے گی ۔ ڈی پی او منتظر مہدی نے بتایا کہ عرس کے موقع پر سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جائیں گے اور آنے والے زائرین کو تمام سہولیات فراہم کی جائیں گی جبکہ شہر میں ٹریفک کی روانی کو بھی ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ عرس مبارک کے موقع پر زائرین کی بہت بڑی تعداد کی متوقع آمد کے پیش نظر دربار شریف کے داخلی اور خارجی راستوں کا تفصیلی جائزہ لے کر ایک فول پروف سکیورٹی پلان ترتیب دیا گیا ہے اور محکمہ پولیس‘ قومی رضا کار اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران و اہلکاروں کی ڈیوٹیاں لگا دی گئی ہیں ۔اس موقع پر امور مذہبی کمیٹی دربار حضرت بابا بلھے شاہ ؒ کی جانب سے پیش کی گئیں تجاویز پر فوری احکامات جاری کئے گئے ۔

متعلقہ عنوان :