انڈرورلڈ ڈان داؤد ابراہیم کا قریبی ساتھی جابر موتی گرفتار

جابر موتی کو لندن کے ہلٹن ہوٹل سے حراست میں لیا گیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 20 اگست 2018 14:18

انڈرورلڈ ڈان داؤد ابراہیم کا قریبی ساتھی جابر موتی گرفتار
لندن (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20 اگست 2018ء) : انڈرورلڈ ڈان داؤد ابراہیم کے قریبی ساتھی کو لندن سے گرفتار کر لیا گیا ۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارت نے برطانیہ سے زبیر موتی کی گرفتاری کا مطالبہ کیا تھا۔ ذرائع کے مطابق جابر موتی ڈی کمپنی کے مالیاتی امور کا سربراہ ہے ۔جابر موتی کو لندن کے ہلٹن ہوٹل سے حراست میں لیا گیا، وہ دس سال کے ویزے پر برطانیہ میں مقیم ہے ۔

جابر موتی پر انڈرورلڈ ڈان داؤد ابراہیم کے غیرقانونی دھندوں میں معاونت فراہم کرنے کا الزام ہے اور وہ مبینہ طور پر مشرق وسطیٰ، برطنانیہ، یورپ، افریقہ اور جنوب مشرقی ایشیا میں داؤد کا کاروبار بھی دیکھتا تھا۔ داؤد ابراہیم کی اہلیہ، بیٹی اور داماد کے درمیان رقم کے لین دین کے معاملے کے بعد جابر موتی کو گرفتار کیا گیا۔

(جاری ہے)

لندن پولیس نے جابر موتی سے داؤد ابراہیم کے مالی معاملات سے متعلق تفتیش کی۔

جابر موتی پاکستان کے شہر کراچی میں داؤد ابراہیم کے کمپاؤنڈ میں ایک گھر کا مالک بھی ہے۔ یاد رہے کہ بھارت میں داؤد ابراہیم انتہائی مطلوب ہے، بھارت نے کئی مرتبہ داؤد ابراہیم تک پہنچنے کی کوشش کی لیکن ناکام رہا ہے جس کے بعد اپنی ناکامی کو چھُپانے کے لیے بھارت نے الزام عائد کیا کہ داؤد ابراہیم پاکستان کے شہر کراچی میں ہے۔بعد ازاں اقوام متحدہ کی کمیٹی نے کہا کہ بھارت کی جانب سے پاکستان میں انڈرورلڈ ڈان داؤد ابراہیم کی رہائش اور تفریح کے فراہم کیے 9 ایڈریسز میں سے 3 غلط ہیں، جنہیں اقوام متحدہ نے اپنی فہرست سے خارج کر دیا تھا۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی القاعدہ سینکشن کمیٹی کی جانب سے خارج کیے گئے تین ایڈریسز میں سے ایک اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی کی اسلام آباد میں رہائش گاہ کا تھا۔ تاہم بھارت کی جانب سے دئے گئے باقی 6 پتوں کو تاحال تبدیل یا ان میں کوئی ردو بدل نہیں کی گئی۔ اقوام متحدہ کو دئے گئے ایک ڈوزئیر میں بھارت نے ان 9 ایڈریسز کو داؤد ابراہیم کی سب سے زیادہ وزٹ کرنے والی جگہیں قرار دیا تھا۔

گذشتہ برس داؤد ابراہیم سے متعلق موصول ہونے والی خبروں میں بتایا گیا کہ داؤد ابراہیم آج کل ڈپریشن کا شکار ہیں اور ان کے اس ڈپریشن کی وجہ ان کے بیٹے کی شخصیت میں اچانک ہونے والی تبدیلی ہے۔ داؤد ابراہیم کا اکلوتا 31 سالہ بیٹا معین ابراہیم شادی شدہ ہے اور اس کے بچے بھی ہیں۔ معین سے متعلق کہا جا رہا ہے کہ معین کو اچانک بہت زیادہ مذہبی رغبت ہو گئی ہے۔

معین ایک مذہبی عالم یا مبلغ بننے کی خواہش رکھتا ہے۔ یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ معین سب کچھ چھوڑ کر اپنے گھر کے پاس موجود مسجد میں دیے جانے والے ایک کوارٹر میں بھی رہائش اختیار کرنے پر راضی ہے۔ داؤد ابراہیم سے متعلق کسی کو بھی علم نہیں کہ وہ کہاں ہیں اور کس ملک میں ہیں ، اقوام متحدہ نے بھی داؤد ابراہیم کے پاکستانی شہر کراچی میں مقیم ہونے کے بھارتی دعوے کو مسترد کر دیا تھا۔