را نے پاکستان مخالف سرگرمیوں کے لیے فنڈ مختص کر دیا

ایک بھارتی بزنس مین کو فنڈ منتقل کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 20 اگست 2018 14:27

را نے پاکستان مخالف سرگرمیوں کے لیے فنڈ مختص کر دیا
امریکہ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20 اگست 2018ء) :بھارتی خفیہ ایجنسی ’’ را‘‘ پاکستان مخالف سرگرمیوں میں ہمیشہ سے ہی ملوث رہی ہے جس کا سب سے بڑا ثبوت پاکستان کی زیر حراست بھارتی خفیہ ایجنسی کا حاضر سروس افسر کلبھوشن یادیو ہے، تاہم اب ایک مرتبہ پھر سے بھارتی خفیہ ایجنسی ''را'' نے امریکہ میں ایم کیو ایم لندن کی پاکستان مخالف سرگرمیوں کے لیے ایک خطیر رقم مختص کر دی ہے ۔

قومی اخبار میں شائع ایک رپورٹ کے مطابق ایک بھارتی بزنس مین پونیت والیا کو واشنگٹن میں ایم کیو ایم لندن کے لیے موثر لابنگ کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے اور بھارتی سفارتخانے کے اکاؤنٹس سے اس کو ایک خطیر رقم بھی فراہم کی گئی ہے۔ مختلف تھنک ٹینک اداروں کے ساتھ پونیت والیا نے رابطے کر کے اُن مخصوص لابیوں کو فنڈز بھی دئیے ہیں تاکہ فری کراچی اور فری بلوچستان کے بارے میں الطاف حسین بیانیہ کو آگے بڑھایا جا سکے ۔

(جاری ہے)

ایم کیو ایم لندن کے کنونیر ندیم نصرت نے پونیت والیا کے ذریعے کچھ امریکی ایوان بالا کے اراکین سے ملاقاتیں بھی کی ہیں جس میں ندیم نصرت نے پاک آرمی اور آئی ایس آئی کے خلاف چارج شیٹ پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی حکومتیں ملٹری اسٹیبلشمنٹ ہی بناتی ہیں۔ رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ فری کراچی اور فری بلوچستان مہم میں تیزی اور اس اہم ایشوز کو کانگریس اور سینٹ کے فلور پر بحث کرنے کے لیے انہوں نے کانگریس کے اراکین سے درخواست کی ۔

ذرائع کا کہنا ہے بھارتی سفارتخانہ میں ندیم نصرت اور ایم کیو ایم امریکہ کے دیگر رہنماؤں اظہار خان، توصیف احمد ، حفیظ اور شاہد کا مسلسل رابطہ ہے ۔ خیال رہے کہ اس سے قبل بھی کئی مرتبہ بھارتی خفیہ ایجنسی را کے پاکستان مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے شواہد ملے ہیں۔ پاکستان نے اس ضمن میں بھارتی ایجنٹ کلبھوشن یادیو کو بھی گرفتار کر رکھا ہے۔ کلبھوشن یادیو نے اپنے اعترافی بیان میں اپنے جُرم کا اعتراف بھی کیا تھا اور کہا تھاکہ ہمیں پاکستان مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے لیے را کی مدد حاصل رہی ہے۔