اگست کا مہینہ مُلک پاکستان اور ملت اسلامیہ کیلئے انتہائی عظمت و شان کا مہینہ ہے‘شاہ غلام قادر

اسی ماہ پاکستان قائم ہوا۔ امسال اسی مہینہ حج مبارک اورعید الاضحی سے ڈھیروں خوشیاں ملت اسلامیہ کو میسر آئی ہیں

پیر 20 اگست 2018 15:00

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اگست2018ء) آزاد کشمیر اسمبلی کے سپیکر شاہ غلام قادر نے کہا ہے کہ اگست کا مہینہ مُلک پاکستان اور ملت اسلامیہ کیلئے انتہائی عظمت و شان کا مہینہ ہے۔ اسی ماہ پاکستان قائم ہوا۔ امسال اسی مہینہ حج مبارک اورعید الاضحی سے ڈھیروں خوشیاں ملت اسلامیہ کو میسر آئی ہیں۔عید الاضحی اور حج کی ساری ساعتیں پوری ملت اسلامیہ کو مبارک ہوں۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہا کہ ہمیں قُربانی کے عظیم جذبہ کو اُجاگر کرتے ہوئے نہ صرف سنت ابراہیمی کی ادائیگی کرنا چاہیے بلکہ دُکھی انسانیت کی خدمت میں ہمیں کردار ادا کرنا چاہیے۔ مقبوضہ کشمیر فلسطین سمیت اہم عالمی مسائل کے حل کے لیے خلوص دل سے دُعا کریں، آزادی حاصل کرنے کی جدوجہد مقبوضہ کشمیر اور فلسطین کے عوام کا پیدائشی حق ہے۔ ہم عہد کرتے ہیں کہ اپنے مظلوم بہن بھائیوں کی آزادی کی جدوجہد میں اپنا کردار خلوص دل سے ادا کریں گے۔ اُنہوں نے کہا کہ پاکستان ، بھارت اور اقوام متحدہ کو مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے دو ٹوک پالیسی اپنانی چاہیے تا کہ ریاستی عوام کو آزادی کا حق مل سکے۔