Live Updates

تین خواتین سمیت 16 رکنی وفاقی کابینہ نے حلف اٹھا لیا، ایوان صدر میں منعقدہ تقریب میں وزیراعظم عمران خان، سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، ڈپٹی سپیکر قاسم سوری، نامزد گورنر سندھ عمراں اسماعیل، نامزد گورنر پنجاب چوہدری سرور، سیاسی رہنمائوں، ارکان پارلیمان اور سینئر حکام نے شرکت کی

مہمانوں کی تواضع چائے اور بسکٹ سے کی گئی

پیر 20 اگست 2018 15:20

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2018ء) صدر مملکت ممنون حسین نے تین خواتین سمیت سولہ رکنی وفاقی کابینہ سے حلف لے لیا۔ حلف برداری کی سادہ مگر پروقار تقریب پیر کو ایوان صدر میں منعقدہوئی۔ اس موقع پر وزیراعظم عمران خان بھی موجود تھے۔ تقریب میں سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری، نامزد گورنر سندہ عمراں اسماعیل،نامزد گورنر پنجاب چوہدری سرور، سیاسی رہنمائوں، ارکان پارلیمان اور سینئر حکام نے شرکت کی۔

تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ حلف اٹھانے والے وفاقی وزراء میں مخدوم شاہ محمود قریشی (خارجہ امور)، پرویز خٹک (دفاع)، اسد عمر (خزانہ، ریونیو و اقتصادی امور)، ڈاکٹر فہمیدہ مرزا (بین الصوبائی رابطہ)، شیخ رشید احمد (ریلوی)، خالد مقبول صدیقی (انفارمیشن ٹیکنالوجی و مواصلات)، شفقت محمود (وفاقی تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت، قومی تاریخ و ادبی ورثہ)، فواد احمد (اطلاعات و نشریات)، زبیدہ جلال (دفاعی پیداوار)، غلام سرور خان (پٹرولیم و قدرتی وسائل)، ڈاکٹر شیریں مزاری (انسانی حقوق)، نور الحق قادری (مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی)، چوہدری طارق بشیر چیمہ (ریاستیں و سرحدی علاقہ جات)، سینیٹر ڈاکٹر محمد فروغ نسیم (قانون و انصاف)، عامر محمود کیانی (قومی صحت، خدمات، ریگولیشن و کوآرڈینیشن)، خسرو بختیار (منصوبہ بندی و ترقی و اصلاحات) شامل ہیں۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے پانچ مشیران کی بھی تقرری کی ہے جن کا عہدہ وفاقی وزیر کے برابر ہو گا۔ ان میں محمد شہزاد ارباب کو اسٹیبلشمنٹ، عبدالرزاق دائود کامرس، ٹیکسٹائل، صنعت و پیداوار و سرمایہ کاری، ڈاکٹر عشرت حسین ادارہ جاتی اصلاحات و کفایت شعاری، امین اسلم ماحولیاتی تبدیلی اور ظہیر الدین بابر اعوان کو پارلیمانی امور کے مشیر کے طور مقرر کیا گیا ہے۔ کابینہ ڈویژن کے نوٹیفکیشن کے مطابق مرزا شہزاد اکبر کو احتساب کے بارے میں وزیراعظم کا معاون خصوصی تعینات کیا گیا ہے، ان کا عہدہ وزیر مملکت کے برابر ہو گا۔ وزیراعظم کی طرف سے سادگی و کفایت شعاری اپنانے کی ہدایات کو مدنظر رکھتے ہوئے تقریب میں شریک مہمانوں کی تواضع چائے اور بسکٹ سے کی گئی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات