10 برسوں کے دوران تجارتی شعبے میں 575 ملین ڈالر کی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری ہوئی،سرمایہ کاری بورڈ

پیر 20 اگست 2018 15:40

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2018ء) سرمایہ کاری بورڈ نے کہا ہے کہ گزشتہ 10 برسوں کے دوران ملک میں تجارت کے شعبے میں 575 ملین ڈالرکی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری ریکارڈ کی گئی۔

(جاری ہے)

بورڈ کے اعداد وشمارکے مطابق دیگر شعبوں کے علاوہ تجارت کا شعبہ بھی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کے لیے پرکشش ہے، مالی سال 2008-09ء میں پاکستان میں تجارت کے شعبے میں 166.6 ملین ڈالر کی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری ریکارڈ کی گئی، مالی سال 2009-10ء ، 2010-11 ء، 2011-12ء اور2012-13 ء میں پاکستان میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کے ضمن میں بالترتیب 117، 53، 25.3 اور5.7 ملین ڈالر کی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری ریکارڈ کی گئی۔

مالی سال 2013-14ء ، 2014-15ء اور2015-16 ء کے دوران پاکستان میں تجارت کے شعبے میں مختلف ممالک کی جانب سے بالترتیب 3.2، 50.5، اور26.8 ملین ڈالر کی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری ریکارڈ کی گئی، اسی طرح مالی سال 2016-17 ء اورمالی سال 2017-18ء کے دوران ملک میں برآمدات کے حوالے سے اس اہم شعبے میں بالترتیب 32.7 اور94.2 ملین ڈالرکی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری ہوئی۔ گزشتہ دس برسوں میں سال2008-09 میں سب سے زیادہ 166.6 ملین ڈالر جبکہ مالی سال 2013-14ء میں سب سے کم 3.2 ملین ڈالرکی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری ہوئی۔

متعلقہ عنوان :