دوست سے معافی مانگنے کے لیے ایک شخص نے راتوں رات پورے شہر میں 300بینر لگادئیے

Ameen Akbar امین اکبر پیر 20 اگست 2018 15:55

دوست سے معافی مانگنے کے لیے ایک شخص نے راتوں رات پورے شہر میں  300بینر ..

ایک نوجوان بھارتی کاروباری شخص کی دوست اُن سے  ناراض ہو گئی تو انہوں نے  اپنی دوست کو منانے کا نیا اور انوکھا طریقہ اپنا یا۔ انہوں  سارے شہر میں اپنی دوست سے معافی مانگنے کے لیے  معذرت  کے 300 بینر لگا دئیے۔
ابھی تک یہ واضح نہیں ہوسکا کہ 25 سالہ نوجوان نیلیش کھڈ یکر نے اپنی دوست کو کس بات سے ناراض کیا تھا لیکن یہ بات یقینی ہے کہ انہوں نے اپنی دوست سے معافی مانگنے کےلیے بہت متاثر کن کوشش کی ہے۔

پچھلے ہفتے جب نیلیش کو معلوم ہوا کہ ان کی دوست شیودی ممبئی سے واپس  پونے کے مضافات میں پمپل سوداگر میں اپنے گھر واپس آ رہی ہیں تو انہوں نے معافی مانگنے کا یہ انوکھا طریقہ اختیار کرنے  کا فیصلہ کیا۔ نیلیش نے ایک پینٹر سے رابطہ کیا اور انہیں سینکڑوں بینر بنانے آرڈر دے دیا۔

(جاری ہے)

مختلف سائز کے ان بینروں پر ” شیودی، میں معذرت خواہ ہوں“ (Shivde, I am Sorry!) لکھا ہوا تھا اور ساتھ میں ایک دل بنا ہوا تھا۔

شیودی کی آمد سے ایک رات پہلے نیلیش نے لڑکوں کے ایک گروپ کو ادائیگی کر کے شیودی کے گھر کے آس پاس تمام بینر لگوا دئیے۔ جمعے کو جب پمپل سوداگر کے لوگ جاگے تو ہر جگہ یہ بینر دیکھ کر حیران رہ گئے۔ لوگوں نے ان بینروں کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کی تو ہر کوئی ان بینروں کے بارے میں باتیں کرنے لگا۔ لوگوں نے اپنے پیاروں سے معافی مانگنے کے اس طریقے کو کافی رومانوی قرار دیا۔

تمام لوگ نیلیش کی اس حرکت سے متاثر ہوئے۔ اگر کوئی متاثر نہیں ہوا تو وہ پولیس تھی۔
جمعے کی شام تک ہی پولیس نے پینٹر اور بینر لگانے والے لڑکوں کا پتا چلا لیا۔ جس کے بعد نیلیش کا بھی پتا چل گیا۔ نیلیش نے پولیس کو بتایا کہ اس کا اپنی دوست کے ساتھ جھگڑا ہوا تھا اور وہ اب کسی بھی طرح اپنی دوست سے معافی چاہتا ہے۔
نیلیش نے ان بینروں کی پرنٹنگ اور انہیں آویزاں کروانے پر 72 ہزار بھارتی روپے یا 1 ہزار ڈالر خرچ کیے تھے۔

عام انٹرنیٹ صارفین تو نیلیش کے منصوبے سے بہت متاثر ہوئے لیکن مقامی میونسپل کارپوریشن نے نیلیش کے خلاف علاقے کا حسن خراب کرنے پر شکایت درج کرا دی۔ جس پر نیلیش کو جرمانہ بھی ہوسکتا ہے۔ دوسری طرف یہ بھی واضح نہیں ہو سکا کہ شویدی نے اتنے زیادہ بینر دیکھنے کے بعد بھی نیلیش کو معاف کیا ہے یا نہیں۔

دوست سے معافی مانگنے کے لیے ایک شخص نے راتوں رات پورے شہر میں  300بینر ..