Live Updates

وزیراعظم کا3 ماہ تک غیرملکی دوروں پرپابندی کا فیصلہ

وزراء اورافسران سرکاری خرچ پرغیرملکی دورہ نہیں کریں گے، وزیراعظم اقوام متحدہ کے اجلاس میں بھی شرکت نہیں کریں گے، وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی پاکستان کی نمائندگی کریں۔ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں فیصلہ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 20 اگست 2018 16:05

وزیراعظم کا3 ماہ تک غیرملکی دوروں پرپابندی کا فیصلہ
اسلام آباد(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔20 اگست 2018ء) وزیراعظم عمران خان نے وزراء اور سرکاری افسران کے غیرملکی دوروں پرپابندی عائد کردی ہے، 3 مہینے تک کوئی سرکاری خرچ پرغیرملکی دورہ نہیں کرے گا، اقوام متحدہ کے اجلاس میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی پاکستان کی نمائندگی کریں۔ وفاقی وزیراطلاعات ونشریات فواد چودھری نے وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ گستاخانہ خاکوں کی کابینہ نے سخت مذمت کی ہے۔

کابینہ نے فیصلہ کیا کہ ہالینڈ کے سفیر کوطلب کرکے احتجاج کیا جائے گا۔حکومت عوام کے جذبات کو سمجھ سکتی ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے تین مہینے غیرملکی دورے نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تمام سیکرٹریوں اور سفیروں کوبھی بیرون ملک دوروں کومحدود کرنے کا حکم دیا ہے۔

(جاری ہے)

خود بھی تین مہینے تک غیرملکی دورے پرنہیں جائیں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ سرکاری خرچے پرکوئی بھی باہر نہیں جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے اجلاس میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ فواد چودھری نے کہا کہ احتساب کا عمل ہم نے خود سے شروع کیا، ہمارا کرپشن کیخلاف عزم کسی شک سے بالا ہے۔ تمام اثاثے عوام کے سامنے رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ حسن ،حسین نواز اور اسحاق ڈار قومی مجرم ہیں ۔ان کوواپس لایا جائیں گے۔تاکہ سب قانون کے سامنے پیش ہوں اور مقدمات کا سامنا کریں۔

جبکہ نوازشریف ،مریم نواز اور کیپٹن ر صفدر کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کی منظوری دے دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایون فیلڈ پراپرٹیز پاکستان کی ملکیت ہے ان پراپرٹیز کوواپس لانے کیلئے برطانوی عدالت سے رجوع کریں گے۔ مہنگی گاڑیاں نیلام کردیں گے۔ جن میں 88 گاڑیاں نیلام کر دی جائیں گی۔ وزیراعظم ہاؤس کے اخراجات کم کریں گے لیکن ملازمین کونوکری سے فارغ نہیں کیا جائے گا۔

سرکاری اور تاریخی عمارتوں کا جائزہ لینے کیلئے کمیٹی بنا دی ہے۔ ان میں ڈی سی اور کمشنرز کی رہائشیں بھی شامل ہیں۔ سرکاری خرچ پرکسی وزیر کا بیرون ملک علاج نہیں ہوگا۔ وفاقی وزیراطلاعات نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی دوصوبوں میں اپنی حکومت اور ایک صوبے میں مخلوط حکومت ہے ہم الیکشن جیتنے کیلئے اہل ہیں۔عارف علوی کوآسانی سے صدر منتخب کروا لیں گے۔

فواد چودھری نے کہا کہ شہزاد اکبرکی سربراہی میں ٹاسک فورس بنائی گئی ہے۔ تاکہ بیرون ملک غیرقانونی اثاثوں کوپاکستان واپس لایا جائے۔ اس ٹاسک فورس فوری کام شروع کردے گی۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف نے کہا کہ وزیراعظم کے اخراجات خودادا کئے۔ اگر نوازشریف نے چیک دیے ہیں۔ نوازشریف نے ٹیکس دیتے ہوئے غلط بیانی کی ہے یا پھر چیک والی بات غلط ہے۔

اگر وہ دینا چاہتے ہیں توہم اخراجات کی لسٹ بھجوا دیتے ہیں۔ وزیراعظم ہاؤس کے اخراجات بجٹ میں شامل ہوتے ہیں۔ فواد چودھری نے کہا کہ وزارت اطلاعات میں سیاسی بھرتیاں نہیں ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ قواعد کے مطابق اپوزیشن بھی پی آئی ڈی کا پلیٹ فورم استعمال کرسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزارت توانائی بھاشا ڈیم اور دیگر منصوبوں سے متعلق رپورٹ دے گی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات