مقبوضہ کشمیر، مسلم لیگ اور سالویشن مومنٹ کا جیلوں میں نظر بند کشمیریوںکو عید االاضحی سے پہلے رہا کرنے کا مطالبہ

کشمیری نظربندوں کے ساتھ ظالمانہ سلوک اور ان کی نظربندی کو طول دینا انسانی حقوق کی بدترین پامالی ہے

پیر 20 اگست 2018 18:00

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اگست2018ء) مقبوضہ کشمیر میںمسلم لیگ جموںو کشمیر نے جیلوں میں نظر بند کشمیریوںکے ایثار و قربانی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے عید االاضحی سے پہلے ان کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے تاکہ وہ اس مبارک موقعے پر اپنے اہل و عیال کی خوشیوں میں شامل ہو سکیں۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مسلم لیگ کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ اپنے عزیزو اقارب سے دور خود کو ملت و قوم کے لئے وقف کرنا بلاشبہ ایک عظیم اعزاز و مرتبہ ہے ۔

انہو ںنے کہاکہ نظربندوں کی قربانیوں کی بدولت ہر گزرتے دن کے ساتھ منزل مقصودقریب سے قریب تر ہوتی جارہی ہے۔ ترجمان نے مسرت عالم بٹ،ڈاکٹر قاسم فکتو، ڈاکٹر شفیع شریعتی، غلام قادر بٹ، آسیہ اندرابی، محمد یوسف میر، شبیراحمد شاہ، خان سوپوری ،اسداللہ پرے،ناہیدہ نسرین، فہمیدہ صوفی ، معراج الدین نندا، محمد حیات بٹ،حکیم شوکت، فیروز احمد ڈار،مولوی سجاد،پیر سیف اللہ، ایاز اکبر، نعیم احمد خان، فیاض احمد طلاق، محمد الطاف شاہ، محمد یوسف فلاحی، مفتی ندیم، سرجان برکاتی، شکیل احمد ایتو، جاوید احمدفلے ،فاروق احمد ڈار،پرویز احمد بٹ، غلام محمد بٹ، محمد ایوب ڈار، محمود ٹوپی والا، محمد ایوب میر، نذیر احمد شیخ، شیخ عمران، جاوید احمد خان، ڈاکٹر غلام محمد بٹ، طارق احمد بٹ، ذاکر حسین، برکت علی، جاوید احمد خان، عبدالحمید تیلی، محمد اسحاق پالہ، عبدالرشید بٹ، شاہد یوسف،بشارت احمد ، عاشق حسین،راجہ کلوال،شکیل احمد بٹ،محمد لطیف ڈار، منظور احمد بٹ، عاطف احمد، رئیس احمد میر، سلمان یوسف،سجاد احمد بیگ، عرفان احمد ڈار، عاقب احمد میر، عاشق حسین میر،فاروق احمد شیخ، جاوید احمد منشی، محمد امین اورعمر عادل ڈارسمیت تمام آزادی پسند رہنمائوں اور کارکنوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔

(جاری ہے)

انہو ںنے کہا کہ قابض انتظامیہ کی طرف سے کشمیری نظربندوں کے ساتھ ظالمانہ سلوک اور ان کی نظربندی کو طول دینا انسانی حقوق کی بدترین پامالی ہے۔انہوں نے کہاکہ مہذب دنیامیں کہیں بھی محض سیاسی بنیادوں پر انسانی حقوق پامال نہیں کئے جاتے اور نہ اظہار رائے کے حق کو طاقت کی بنیاد پر غصب کیا جاتا ہے ۔انہو ںنے کہا کہ کشمیری عوام بھارت سے آزادی چاہتے ہیں اوروہ اپنے پیدائشی حق کا مطالبہ کررہے ہیں اسی لیے ان کو مظالم کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

ترجمان نے انسانی حقوق کے عالمی اداروں پر زور دیا کہ وہ کشمیری نظربندوں کی حالت زار کا سنجیدہ نوٹس لیں۔دریں اثناء جموںو کشمیر سالویشن مومنٹ نے سرینگر میں ایک اجلاس میں تمام کشمیری نظربندوں کو عید سے پہلے رہا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ سالویشن مومنٹ نے کہا کہ کشمیری حریت پسندوں کی نظربندی کو سیاسی انتقام کے تحت طول دیا جارہا ہے تاکہ ان کے عزم کو توڑا جائے لیکن ان کا صبرو استقامت قابل رشک ہے۔