مقبوضہ کشمیر،جماعت اسلامی کادفعہ35-Aکے دفاع کے لیے عوامی تحریک کی مکمل حمایت کا اعلان

عوام بھارت کے مذموم منصوبوں کو ناکام بنانے کے لیے مکمل اتحاد اور ثابت قدمی کا مظاہرہ کریں

پیر 20 اگست 2018 18:00

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اگست2018ء) مقبوضہ کشمیر میںجماعت اسلامی نے بھارتی آئین کی دفعہ35-Aکے تحفظ کے لیے جاری عوامی تحریک کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے جس کے تحت ریاست جموں وکشمیر کے باشندوں کو خصوصی حقوق و مراعات حاصل ہیں۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق جماعت اسلامی کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارت اور پاکستان نے کشمیریوں سے وعدہ کررکھا ہے کہ ان کو اپنی سیاسی قسمت کا فیصلہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق خود کرنے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ دفعہ35-A یہاں کے باشندوں کو اپنی رائے کا آزادانہ موقع فراہم کرنے تک ریاستی عوام اور بھارت کے درمیان ایک مشروط معاہدہ ہے۔ جب تک لوگوں کو ان کا بنیادی حق، حق خودارادیت نہیں دیا جاتا تب تک دفعہ35-Aاور 370 کو منسوخ نہیںکیا جاسکتا اورنہ ہی ان میں کسی قسم کی ترمیم کی جاسکتی ہے ۔

(جاری ہے)

حق خود ارادیت کا وعدہ جموںوکشمیر میں رہنے والے لوگوں سے کیا گیا ہے اور اگر ریاست سے باہرکے لوگوں کو یہاں آنے دیا گیا تو یہاں کے باشندوں کا یہ حق متاثر ہوئے بغیر نہیں رہ سکتا ۔

انہوں نے کہا کہ دفعہ35-Aکی منسوخی سے کشمیریوں کے اقتصادی اور معاشی حقوق پر بھی کاری ضرب پڑے گی۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ بھارت کے ان مذموم منصوبوں کو ناکام بنانے کے لیے مکمل اتحاد اور ثابت قدمی کا مظاہرہ کریں۔