Live Updates

مقبوضہ کشمیر ، بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں بارہمولہ میں دواور کشمیری نوجوان شہید

حریت رہنمائوں کا بھارت سے عید سے قبل تمام کشمیری نظربندوں کو رہا کرنے کا مطالبہ کشتواڑ میں مسافر گاڑی پر تودہ گرنے سے پانچ افراد جاںبحق ،نو زخمی ہو گئے

پیر 20 اگست 2018 17:44

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اگست2018ء) مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوجیوںنے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران آج ضلع بارہمولہ میں دو اور نوجوانوں کو شہید کردیا۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق فوجیوںنے ان نوجوانوںکو ضلع کے علاقے اوڑی میں تلاشی اور محاصرے کی ایک کارروائی کے دوران شہید کیا۔ گزشتہ روز بھی اسی علاقے میں بھارتی فوجیوںنے ایک نوجوان کو شہید کردیا تھا جس سے گزشتہ دو دن کے دوران شہید ہونیوالے نوجوانوںکی تعداد بڑھ کر تین ہوگئی ہے ۔

بھارتی پولیس نے گھروں پر چھاپوں کے دوران گاندربل اور کپواڑہ سے نوجوان کارکنوں عرفان احمد میر ، عاشق حسین بابا ، ارشاد احمد اور فیروز احمد کو گرفتار کرلیا ۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنماء اور تحریک حریت جموںوکشمیر کے چیئرمین محمد اشرف صحرائی نے ایک بیان میں عمران خان کو اسلامی جمہوریہ پاکستان کا وزیر اعظم بننے پر مبارک باد دی ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے امید ظاہر کی کہ عمران خان مسئلہ کشمیر کو اسکے تاریخی پس منظر میں حل کرنے کیلئے اہم کردار اداکریں گے ۔دختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی اور انکی ساتھی فہمیدہ صوفی مسلسل چھٹی مرتبہ عید بھارت کی جیل میں گزاریں گی ۔دختران ملت نے ایک بیان میں لوگوں پرزوردیا ہے کہ وہ اپنی دعائوں میں خواتین رہنمائوں کو یاد رکھیں۔حریت رہنماء ظفر اکبربٹ اور جموںوکشمیر مسلم لیگ نے اپنے بیانات میں بھارت اور کشمیر کی جیلوں میں نظربند تمام کشمیری سیاسی نظربندوں کی عید الاضحی سے قبل رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔

حریت رہنماء مسرور عباس انصاری ، جماعت اسلامی ، انجمن شرعی شیعیان ،جموںوکشمیر یونائیٹڈ پیس موومنٹ اور گجر بکروال برادریوں نے اپنے الگ الگ بیانات میںخبردار کیا ہے کہ اگر بھارت نے آئین کی دفعہ 35Aکی منسوخی کی کوئی بھی کوشش کی تو اسکے خلاف زبردست احتجاجی تحریک شروع کی جائیگی ۔ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن نے سرینگر میںایک بیان میں کولگام میں بھارتی فورسز کی طرف سے تلاشی کی کارروائی کے دوران درجنوں کشمیریوں پر ظلم و تشدد اور انکی املاک کو نقصان پہنچانے کی مذمت کی ہے ۔ ادھر جموں کے ضلع کشتواڑ میں ایک مسافر گاڑی پر تودہ گرنے سے پانچ افراد جاںبحق اور نو زخمی ہو گئے ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات