اگردفعہ 35-A کوختم کیا گیاتوزبردست احتجاج کیا جائے گا‘گجر بکروال کمیونٹی

پیر 20 اگست 2018 17:44

سری نگر۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2018ء) مقبوضہ کشمیر میں گجر اور بکروال برادریوں نے خبردارکیا ہے کہ اگر بھارتی آئین کی دفعہ 35-Aکوجس کے تحت جموںوکشمیرکے مستقل باشندوں کو خصوصی مراعات حاصل ہیں، ختم کرنے کی کوشش کی گئی تو زبردست احتجاج کیا جائے گا۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق گجر و بکروال برادریوں کے سربراہ شمشیر ہکلہ پونچھی نے سرینگر میں ایک بیان میںکہا کہ دفعہ 35-Aکشمیری عوام کے مفاد میں ہے اورکچھ لوگ کشمیریوں کو اس سے محروم کرنا چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

شمشیر ہکلہ پونچھی نے کہا کہ تمام اضلاع میں رہنے والے گجر اور بکروال دفعہ 35-Aکے حق میں ہیں۔ دفعہ 35-Aکے تحت جموںوکشمیر کے پشتینی باشندوں کوخصوصی حقوق اور مراعات حاصل ہیں اور یہ غیر کشمیریوں کو علاقے میں زمین یا جائیداد خریدنے سے روکتا ہے۔ اس دفعہ کی منسوخی کے لیے بھارتی سپریم کورٹ میں کئی درخواستیں دائر کی گئی ہیں اور اس کی اگلی سماعت 27اگست کو ہوگی۔ گجر رہنما نے کہا کہ اگر دفعہ 35-Aکو منسوخ کیا گیا تو وہ زبردست احتجاج کریں گے۔ دریں اثناء جموںوکشمیر اتحاد المسلمین کے چیئرمین مسرور عباس انصاری نے ایک بیان میں کہاکہ کشمیری عوام دفعہ 35-Aکی منسوخی کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔