Live Updates

ْکشمیری شہداء اور نظربندوں نے قربانیاں دیکر تحریک آزادی کو جاری رکھا ہواہے‘ اشرف صحرائی

پیر 20 اگست 2018 17:44

سری نگر۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2018ء) مقبوضہ کشمیرمیں تحریک حریت جموںو کشمیر کے نومنتخب چیئرمین محمد اشرف صحرائی نے کشمیری نظربندوں کو مسلسل قید و بند کی صعوبتیں برداشت کرنے پر سلام پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ کشمیری شہداء اورغیر قانونی طورپر نظربند حریت رہنمائوں اور کارکنوں نے قربانیاں دیکر تحریک آزادی کی شمع کو فروزاں رکھا ہے۔

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق اشرف صحرائی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں عیدالاضحی کے پر مسرت موقع کشمیری شہداء اور نظربند رہنمائوں کے اہلخانہ کو یاد رکھنے اور انہیں عید کی خوشیوں میں شامل کرنے پر زوردیا۔ انہوںنے کہا بھارت کی فسطائی حکومت نے عید کے موقعہ پر گرفتاریوں کا سلسلہ تیز کر اپنی انانیت اور بربریت کا جو ثبوت دیا ہے اس کی مثال تاریخ میں نہیں ملتی۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ عید کے موقعہ پر اپنے اہل وعیال سے دور جیلوں میں نظربند کشمیریوںنے اپنے مقصد اور نصب العین کے ساتھ جس والہانہ وابستگی کا ثبوت دیا ہے اس پر خراج تحسین کے مستحق ہیں۔انہوںنے کہاکہ عیدالاضحی ہمیں خالق حقیقی اور اس کے بھیجے ہوئے دین کے لیے اپنا سب کچھ قربان کرنے کا ہی درس دیتی ہے۔ اسی قربانی کا عملی مظاہرہ ہمارے شہداء نے کردیا ہے ۔

محمد اشرف صحرائی نے غیر قانونی طورپر نظربند حریت رہنمائوں مسرت عالم بٹ، ڈاکٹر غلام محمد بٹ، پیر سیف اللہ،الطاف احمد شاہ، ایاز اکبر ،راجہ معراج ا لد ین کلوال، شبیر احمد شاہ، شاہد ا لا سلام ،شاہد یوسف، نعیم احمد خان ،فاروق احمد ڈار ظہور احمد وٹالی ،محمد اسلم وانی ،سیدہ آسیہ اندرابی، فہمیدہ صوفی ، ناہیدہ نسرین،مظفر احمد ڈار، محمد شفیع شاہ، ڈاکٹر محمد شفیع شریعتی، ڈاکٹر محمد قاسم، محمد یوسف فلاحی، شکیل احمد یتو، عمر عادل ڈار، غلام محمد خان سوپوری، مشتاق الاسلام، مشتاق احمد گنائی، شوکت احمد گنائی، تجمل الاسلام، عادل احمد شاہ،اشفاق احمد مکرو، اسداللہ پرے، شوکت حکیم، معراج الدین نندہ اوردیگر کے جذبہ حریت کو سلام پیش کرتے ہوئے انکی فوری رہائی پر زوردیا۔

Live عید الفطر سے متعلق تازہ ترین معلومات