چینی ارب پتی اپنے فارغ وقت میں شہر کی گلیوں سے کوڑاچنتا ہے

پیر 20 اگست 2018 17:40

چینی ارب پتی اپنے فارغ وقت میں شہر کی گلیوں سے کوڑاچنتا ہے

چونگ چنگ ،چین سے تعلق رکھنے والے کامیاب کاروباری شخص زونگ کونگرونگکو "کوڑا جمع کرنے والا ارب پتی"  کہا جاتا ہے۔ کیونکہ کافی طویل عرصہ سے ان کی یہ عادت بن چکی ہے کہ وہ ایک کوڑا چننے والی خاص  چھڑی لے کر گشت کرتے ہیں اور جہاں انہیں کوڑا کرکٹ نظر آئے وہ اسے اٹھا لیتے ہیں۔
52 سالہ کاروباری شخص نے چونگ چنگ کی گلیوں سے کوڑا کرکٹ اٹھانے کا کام تین سال پہلے اس وقت شروع کیا تھا جب وہ چینی نیا سال منانے کے لیے ایک فیملی ٹرپ پر چینی صوبے ہینان گئے اور وہاں ان کی ملاقات یونیورسٹی کی ایک ریٹائرڈ پروفیسر سے ہوئی۔

وہ پروفیسر چار سالوں سے روزانہ مقامی ساحلوں سے کوڑا کرکٹ اٹھانے کا کام کر رہی تھی۔ وہ ایک خاتون کی کوڑا چننے کی لگن سے اتنے متاثر ہوئے کہ انہوں نے اس پروفیسر کی پیروی کرتے ہوئے اپنے رہائشی شہر میں روزانہ کوڑا کرکٹ چننے کی عادت اپنانے کا فیصلہ کیا اور چھٹیوں سے واپس آتے ہی اس پہ عمل درآمد شروع کر دیا۔

(جاری ہے)


دلچسپ بات یہ ہے کہ اس کام کا آغاز کرنے پر انہیں بہت سے منفی ذہنیت کے مقامی افراد اور میڈیا کی توجہ حاصل ہوئی۔

لوگ یہ سمجھنے سے قاصر تھے کہ ایک ارب پتی جو رئیل اسٹیٹ، کاریں فروخت کرنے اور کئی قسم کی فیکٹریوں کا مالک ہے آخرکار اپنے ہاتھوں سے کوڑا کرکٹ چننے پر کیوں آمادہ ہے۔ ان کا خیال تھا کہ وہ محض لوگوں کی توجہ حاصل کرنے کے لیے یہ کام کر رہے ہیں لیکن اس قسم کی باتوں نے زونگ کو کبھی مایوس نہیں ہونے دیا۔
یہاں تک کہ شروع میں تو زونگ کے گھر والے بھی ان کے رویے پر پریشان تھے۔

ان کی بیوی، بچے ان کی غیر معمولی عادت پر  میڈیا کی منفی  کوریج سے شرمندگی محسوس کرتے تھے اور ان کے ساتھ عوامی مقامات پر نظر نہیں آنا چاہتے تھے۔ لیکن وقت کے ساتھ ساتھ لوگوں کے رویے بدلتے گئے۔ انہوں نے دیکھا کہ گردونواح کا ماحول بہت صاف ستھرا ہوگیا ہے جس میں زونگ کی کوششوں کا بڑا عمل دخل تھا۔ انہوں نے زونگ کے طرزِ عمل پہ ان کی تعریفیں کرنے کے ساتھ ساتھ ان کو سپورٹ کرنا شروع کر دیا۔ ان کی بیوی بھی اب ان کے ساتھ کوڑا  اٹھانے کی مہم میں حصہ دار ہیں اور جسے بھی کوڑا کرکٹ پھیلاتے ہوئے دیکھتی ہیں اسے ڈانٹ دیتی ہیں۔ زونگ  گند پھیلانے پر  اپنے  تمام ملازمین پر 10 یوان کا جرمانہ عائد کرتے ہیں۔