Live Updates

عون چوہدری کی تحریک انصاف سے چھٹی کی خبریں دم توڑ گئیں

وزیراعظم عمران خان سے ان کے دوست عون چوہدری کی بنی گالہ میں ملاقات، اہم حکومتی ذمہ داری ملنے کا امکان

muhammad ali محمد علی پیر 20 اگست 2018 18:37

عون چوہدری کی تحریک انصاف سے چھٹی کی خبریں دم توڑ گئیں
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20 اگست 2018ء) عون چوہدری کی تحریک انصاف سے چھٹی کی خبریں دم توڑ گئیں، وزیراعظم عمران خان سے ان کے دوست عون چوہدری کی بنی گالہ میں ملاقات، اہم حکومتی ذمہ داری ملنے کا امکان ۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے رہنما اور چئیرمین کے قریبی دوست عون چوہدری کی پارٹی سے چھٹی کی خبریں دم توڑ گئی ہیں۔ عون چوہدری نے پیر کے روز وزیراعظم اور تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان سے ان کی رہائش گاہ بنی گالہ میں ملاقات کی ہے۔

ملاقات کے موقع پر وزیراعطم عمران خان اور عون چوہدری کے درمیان کئی معاملات زیر غور آئے۔ ذرائع کے مطابق عون چوہدری نے خود سے متعلق کئی معاملات کی وضاحت دے کر وزیراعظم عمران خان کی غلط فہمیاں دور کرنے میں کامیاب رہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر عمران خان نے عون چوہدری کو اہم حکومتی ذمہ داری سونپنے کا عندیہ بھی دیا۔ اس سے قبل ہفتے کے روز عمران خان کی حلف برداری کے موقع پر جہاں پارٹی کے تمام اراکین اور دوست سب موجود تھے وہاں وزیر اعظم عمران خان کے قریبی دوست عون چودھری تقریب سے غائب نظر آئے۔

ذرائع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان پارٹی معاملات پر عون چودھری سے شدید نالاں تھے،  اسی باعث عون چودھری کو وزیراعظم ہاؤس سے دور رہنے کی ہدایت کر دی گئی۔ ذرائع کا مزید بتانا ہے کہ عون چوہدری کے غلط فیصلوں کے باعث تحریک انصاف کو انتخابات میں ناقابل تلافی نقصان برداشت کرنا پڑا۔ تحریک انصاف کو عام انتخابات میں 130 قومی اسمبلی کی نشستوں پر فتح کی امید تھی۔

تاہم عون چوہدری کے مشورے پر دیے گئے غلط امیدواروں کو ٹکٹ تحریک انصاف کی کئی نشستوں پر یقینی فتح کو شکست میں بدلنے کا باعث بنے۔ اسی باعث تحریک انصاف کو حکومت بنانے کیلئے کئی چھوٹی جماعتوں کی مدد حاصل کرنا پڑی۔ ذرائع مزید بتاتے ہیں کہ انتخابات کے فوری بعد اہم نشستوں پر شکست کی انکوائری کروائی گئی جس میں عون چوہدری کو ذمہ دار ٹھہرایا گیا۔

انکوائری کی رپورٹ سامنے آنے کے بعد عمران خان عون چوہدری سے شدید نالاں تھے اور ان سے ہمیشہ کیلئے راستے جدا کرنے کا فیصلہ بھی کر چکے تھے۔ یہی وجہ ہے کہ عون چوہدری کو وزیراعظم ہاوس سے دور رہنے کی ہدایت کی گئی۔ اس سے قبل ہفتے کے روز عمران خان کی تقریب حلف برداری میں جہاں ان کے قریبی ساتھی اور سابق کرکٹرز نظر آئے وہیں عمران خان کے قریبی ساتھی عون چودھری کہیں نظر نہیں آئے۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ عون چودھری اور زلفی بخاری کو عمران خان کے سب سے زیادہ قریبی ساتھی تصور کیا جاتا ہے ۔ عون چودھری اور زلفی بخاری عمران خان کی ہر نجی تقریب میں بھی ان کے ہمراہ ہوتے ہیں ،عون چودھری اور زلفی بخاری کو عمران خان کی تیسری شادی کے موقع پر بھی تصاویر میں دیکھا گیا جبکہ اس تقریب میں عمران خان کے رشتہ دار یا کوئی پارٹی رہنما شریک نہیں تھا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات