عید الا ضحی پر لاہور شہر سمیت دیگر تمام شہروں میں صفائی کو یقینی بنانے کیلئے جامع منصوبہ بندی کی گئی ہے‘مجتبیٰ پراچہ

شہری قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کو بیگز میں ہی اکٹھا کریں اور عید قربان پر صفائی کا مکمل خیال رکھیں‘ کمشنر لاہور

پیر 20 اگست 2018 18:46

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اگست2018ء) کمشنر لاہور ڈویڑن ڈاکٹر مجتبیٰ پراچہ نے کہا ہے کہ عید الا ضحی پر لاہور شہر سمیت دیگر تمام شہروں میں صفائی کو یقینی بنانے کیلئے جامع منصوبہ بندی کی گئی ہے،جس کے تحت ضلعی انتظامیہ، لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی، ایم سی ایل، ڈسٹرکٹ کونسلز اور میونسپل کمیٹیاں قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کو شہریوں سے اکٹھا کر کے ٹھکانے لگائیں گی۔

انہوں نے تمام شہریوں سے بھی اپیل کی ہے کہ قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کو بیگز میں ہی اکٹھا کریں اور عید قربان پر صفائی کا مکمل خیال رکھیں۔انہوں نے کہا ہے کہ شہروں اور ٹائونز کو صاف ستھرا رکھنے کیلئے سرکاری سطح پر بھر پور انتظامات ہیں مگر شہریوں کے تعاون کے بغیر اس کے سو فیصد نتائج حاصل نہیں کئے جا سکتے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا ہے کہ سری پائے بھوننے پر دفعہ 144 کے تحت پابندی لگا دی گئی ہے۔

شہریوں سے گزارش کی جاتی ہے کہ خلاف قانون سر گرمی پر انتظامیہ کو فوری آگاہ کیا جائے۔انہوں نے کہا ہے کہ ایل ڈبلیو ایم سی کل سے لاہور میں صفائی کیلئے اپنے ماسٹر پلان پر عمل شروع کر دے گی جو عید کے تیسرے دن تک جاری رہے گا۔ایل ڈبلیو ایم سی یونین کونسل سطح پر صفائی سمیت صفائی آگاہی مہم کیلئے 299 کیمپ قائم کرے گی۔انہوں نے کہا ہے کہ ایل ڈبلیو ایم سی شہریوں کو انکے گھروں پر بیگز تقسیم کر رہی ہے۔

شہری بھی کیمپوں سے حاصل کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ قربانی کے جانوروں کیلئے قائم خریداری مراکز سے بھی بیگز تقسیم کئے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا ہے کہ تمام محکموں کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ وہ عید کے دنوں میں اپنے شکایات مراکز اور نمبروں کو مکمل فعال رکھیں تا کہ شہریوں کی بر وقت مدد کو یقینی بنایا جا سکے۔