وزیراعظم نے منی لانڈرنگ کا پیسہ واپس لانے کا حکم دیا ہے ،ْوزیر خزانہ اسد عمر

پیر 20 اگست 2018 19:01

وزیراعظم نے منی لانڈرنگ کا پیسہ واپس لانے کا حکم دیا ہے ،ْوزیر خزانہ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اگست2018ء) وزیر خزانہ اسد عمر نے کہاہے کہ وزیراعظم نے منی لانڈرنگ کے ذریعے بھیجا گیا پیسہ واپس لانے کا حکم دیا ہے۔ پیر کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ سوئس بینکوں میں کتنی رقم پڑی ہے کوئی علم نہیں ،ْ اسحاق ڈار نے چار سال پہلے بتایا تھا 200 ارب ڈالرز پڑے ہیں، دبئی میں پاکستانیوں کی 8 ارب ڈالرز کی جائیدادیں ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے منی لانڈرنگ کے ذریعے بھیجا گیا پیسہ واپس لانے کا حکم دیا ہے، حکومت کی پہلی ترجیح بیرون ملک سے پیسہ واپس لانا ہے۔وزیرخزانہ نے کہاکہ ملازمین کی وجہ سے پی آئی آئی اے اوراسٹیل ملز تباہ نہیں ہوئی، پی آئی اے اور اسٹیل ملز سے کسی کوبے روزگار نہیں کررہے جبکہ وزیراعظم ہاؤس میں 500 ملازمین ذاتی نوکری پر مامور تھے، اب یہ ملازمین عوام کی خدمات پرمامور ہوں گے۔اسد عمر نے بتایا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے لیے بانڈز جاری کرنے کا فیصلہ ابھی نہیں ہوا، یہ پہلے سے طے ہوچکا ہے کہ اوورسیزپاکستانیوں کے لیے بانڈزجاری کریں گے، چند روز میں بانڈز کی حتمی منظوری دے دی جائے گی۔