سندھ کے شہری علاقوں میں پھر متعصب حکمران مسلط کردیئے گئے، ڈاکٹر سلیم حیدر

سندھ میں سب سے زیادہ ٹیکس دینے والے کراچی، حیدرآباد کی حکومت میں کوئی نمائندگی نہیں،چیئرمین ایم آئی ٹی

پیر 20 اگست 2018 19:01

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اگست2018ء) بانی صوبہ مہاجر تحریک ڈاکٹر سلیم حیدر نے کہا ہے کہ سندھ کے شہری علاقوں میں ایک مرتبہ پھر دیہی علاقوں کے سندھی النسل حکمرانوں کو مسلط کردیا گیا ہے ۔ سب سے زیادہ ٹیکس دینے والے شہر کراچی اور حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے مہاجروں کی نمائندگی صوبائی حکومت میں نہیں ہے جس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ اب شہروں پر بھی دیہی علاقوں کے وڈیرے اور متعصب حکمران قابض ہوگئے ہیں جو سندھ کے مہاجروں کو حقوق دینا تو درکنار انہیں بنیادی سہولیات بھی فراہم کرنے کو تیار نہیں ہیں۔

دوسری طرف مہاجر مینڈیٹ کے دعویدار اپنی روایتی پیداگیری ، ہٹ دھرمی اور مفاد پرستی پر گامزن ہیں ۔ وہ انتخابات سے چند روز قبل تو مہاجر حقوق اور مہاجر صوبے کی بات کرتے ہیں لیکن انتخابات کے بعد وہ مہاجر نام اور مہاجر حقوق بھول کر اپنے مفادات اور اپنی ضروریات پوری کرنے میں مصروف ہوجاتے ہیں جس سے مہاجروں کو سوائے محرومی کے کچھ حاصل نہیں ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ آج تک مہاجر مینڈیٹ کے نام پر جو بھی معاہدے کئے گئے وہ کبھی عوام کے سامنے نہیں لائے گئے اور ان معاہدوں کے نتیجے میں کبھی بھی مہاجر عوام کو کوئی فائدہ نہیں ہوا۔ ہر آنے والے دن کے ساتھ مہاجر پستی اور محرومی کی طرف جاتے رہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ اب وقت آگیا ہے کہ مہاجر ان عناصر کا احتساب کریں جو مہاجر حقوق کا ہر بار سودا کرتے ہیں۔