جماعة الدعوة کراچی نے شہر کے 40 مقامات پر نماز عید الاضحی کے لیے انتظامات مکمل کرلیے

پیر 20 اگست 2018 19:09

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اگست2018ء) جماعة الدعوة کراچی نے شہر کے 40 مقامات پر نماز عید الاضحیٰ کے لیے انتظامات مکمل کرلیے۔ مساجد سے متصل عید گاہوں، پارک اور گرائونڈ میں بھی نماز عید کے لیے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی۔ عید گاہوں میں خواتین کے لیے بھی نماز عید کا علیحدہ باپردہ انتظام ہوگا۔ شہر میں نماز عید کے بڑے اجتماعات جامعہ الدراسات الاسلامیہ گلشن اقبال، جامع مسجد خالد بن ولید پی ای سی ایچ سوسائٹی، گل مہر پارک گلشن جمال، جامع مسجد نمرہ نارتھ ناظم آباد، جامع مسجد اقصیٰ سیکٹر الیون بی نارتھ کراچی، جامع مسجد ریاض الجنہ انڈا موڑ نارتھ کراچی، محمدی عید گاہ گرائونڈ میٹروول سائٹ، سیفرون لان تین تلوار کلفٹن، مرکز حنین قائد آباد، مسجد الحرمین ماڈل کالونی سمیت دیگر علاقوں میں منعقد ہوں گے۔

(جاری ہے)

ملی مسلم لیگ کے نائب صدر مزمل اقبال ہاشمی جامع مسجد خالد بن ولید پی ای سی ایچ سوسائٹی میں نماز عید پڑھائیں گے۔ جامعہ الدراسات الاسلامیہ گلشن اقبال میں مفتی عبداللطیف نماز عید کا خطبہ دیں گے۔ جامعة الدراسات الاسلامیہ کے نائب مدیر مفتی یوسف کشمیری گل مہر پارک گلشن جمال، شیخ ظفر عیسیٰ محمدی عید گاہ گرائونڈ میٹروول سائٹ، ابو عکاشہ منصور جامع مسجد اقصیٰ سیکٹر الیون بی نارتھ کراچی میں نماز عید کے بڑے اجتماعات سے خطاب کریں گے۔