وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے ضمنی امتحان 1439ھ کے نتائج کا اعلان کردیا

16045 طلبہ اور 15782 طالبات میں کامیابی کا تناسب تقریباً 63 فیصد رہا، مولانا عبدالمجید

پیر 20 اگست 2018 20:13

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 اگست2018ء) وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے ضمنی امتحان 1439ھ کے نتائج کا اعلان کردیا گیا،مرکزی ناظم دفتر مولانا عبدالمجید نے بتایا کہ چار سے چھ اگست کوہونے والے ضمنی امتحان میں مجموعی طور پہ 33180 طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔اس اہم امتحان کے لئے ملک بھر میں 205 امتحانی مراکز قائم کیئے گئے تھے۔نو اگست سے پرچوں کی مارکنگ کا عمل مرکزی دفتر میںہوا جس میں درجات کے اعتبار سے تین ممتحن اعلی کے ماتحت ایک سو سے زائد مدرسین نے شرکت کی،نو دن میں یہ عمل مکمل ہوا اور نتائج تیار کیے گئے،صدر و ناظم اعلی وفاق کی حتمی منظوری سے نتائج کا اعلان کیا جارہاہے،مولانا عبدالمجید نے مزید بتایا کہ 16045 طلبہ اور 15782 طالبات میں کامیابی کا تناسب تقریباً 63 فیصد رہا،وفاق المدارس کے صدر مولانا ڈاکٹر عبدالرزاق اسکندر،نائب صدور مولانا انوار الحق،مفتی محمد رفیع عثمانی،ناظم اعلی مولانا محمد حنیف جالندھری سمیت صوبائی نظماء مولانا امداد اللہ یوسف زئی،قاضی عبدالرشید،مولانا حسین احمد،مفتی صلاح الدین ایوبی،مولانا زبیر احمد صدیقی،مولانا قاری عبدالرشید،مولانا ڈاکٹر محمد عادل خان،مولانا قاری حق نواز،مفتی محمد نعیم،مولانا عبدالرزاق،مولانا عبدالجلیل اور میڈیا کوارڈینٹر مولانا طلحہ رحمانی نے پاس ہونے والے طلبہ و طالبات کو مبارک باد بھی پیش کی۔

(جاری ہے)

مولانا طلحہ رحمانی نے ان اداروں کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس اہم امتحانی عمل میں حصہ لیا،انہوں نے مزید یہ بھی کہا کہ اس امتحان میں قدیم فاضلات کی بھی بڑی تعداد نے شرکت کی تھی۔تمام نتائج آن لائن بھی جاری کیے گئے ہیں اور متعلقہ مدارس کو بھی ارسال کردیئے گئے ہیں۔#

متعلقہ عنوان :