وزیراعلی ٰخیبرپختونخوا محمود خان سے کور کمانڈر پشاور کی ملاقات

صوبے میں معاشی طور پر مستحکم یونٹ بننے کی بھرپور صلاحیت موجود ہے ، خیبر پختونخوا میں بہت زیادہ سیاحتی مقامات ]قدرتی وسائل ہیں ،صوبے کے وسائل اور سیاحتی مقامات کو ترجیحی بنیادوں پر ترقی دینگے، وزیراعلی خیبرپختونخوا

پیر 20 اگست 2018 20:39

وزیراعلی ٰخیبرپختونخوا محمود خان سے کور کمانڈر پشاور کی ملاقات
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اگست2018ء) وزیراعلی ٰخیبرپختونخوا محمود خان سے کور کمانڈر پشاور نے وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ میں ملاقات کی ، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، وزیر اعلیٰ نے خیبر پختونخوا کے وسائل اور صوبائی حکومت کے ترقی کے پلان پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اس صوبے میں معاشی طور پر ایک مستحکم یونٹ بننے کی بھرپور صلاحیت موجود ہے ، خیبر پختونخوا میں بہت زیادہ سیاحتی مقامات اور قدرتی وسائل ہیں انکی حکومت صوبے کے وسائل اور سیاحتی مقامات کو ترجیحی بنیادوں پر ترقی دے گی اور نئے وسائل و ذخائر کی دریافت کیلئے اقدامات کرے گی،روزگار کے زیادہ سے زیادہ وسائل پیدا کرنا بھی ہماری ترجیح ہے،ہم اپنے قدرتی ذخائر کو مجموعی معاشی ترقی کیلئے بروئے کار لائینگے اور مواصلاتی نیٹ ورک کو مضبوط بنائینگے۔

(جاری ہے)

محمود خان نے کہا کہ فاٹا اصلاحات پر تیز رفتار عملدرآمد، نئے اضلاع کو ترقی دینا اور وہاں تعلیم ، صحت اور دیگر سہولیات کی فراہمی ہمارا ہدف ہے،نئے اضلاع میں میرٹ پر بھرتیاں یقینی بنائیں گے تاکہ قابل اور اہل لوگ آگے آئیں اور اپنی ترقی بہتر طریقے سے خود پلان کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ صوبے کے بعض اضلاع قدرتی آفات ، سیلاب ، زلزلے اور دہشتگردی سے بہت متاثر ہوئے ہیں ان متاثرہ اضلاع میں انفراسٹرکچر کی بحالی کیلئے ایک زبردست ماسٹر پلان پہلے سے بنا چکے ہیں،وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وہ خدمات کی فراہمی پر ایسا مضبوط اور شفاف نظام وضع کریں گے جس میں کرپشن ، اقرباء پروری اور بد عنوانیوں کی کوئی جگہ نہیں ہو گی،جن اضلاع میں سکولوں ، یونیورسٹیوں اور صحت کے اداروں کی کمی ہے وہ ترجیحی بنیادوں پر پوری کریں گے انہوں نے کہا کہ وہ صوبے میں سماجی خدمات کے اداروں کو مضبوط بنائیں گے تاکہ ادارے اپنے دائرہ اختیار میں بہترین ڈیلیوری دیں اور عوام کو ریلیف مل سکے۔