الخدمت نے گزشتہ سال 92کروڑ 40لاکھ روپے امدادی اور فلاحی سرگرمیوں پرخرچ کیے، حافظ نعیم الرحمن

عوام قربانی کی کھالیں الخدمت کو دیں الخدمت کے آئندہ کے منصوبوں اور پروجیکٹس کو پورا کرنے میں معاون و مددگا ربنیں، پریس بریفنگ الخدمت تعلیم ،صحت ، صاف پانی ، کفالت یتامیٰ، کمیونٹی سروسز، آفات سے بچاؤ سمیت دیگر سرگرمیوں میں مصروف ہے ،صدر الخدمت کراچی

پیر 20 اگست 2018 21:24

الخدمت نے گزشتہ سال 92کروڑ 40لاکھ روپے امدادی اور فلاحی سرگرمیوں پرخرچ ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اگست2018ء) امیر جماعت اسلامی کراچی و صد ر الخدمت کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ الخدمت کراچی نے گزشتہ سال (جولائی 2017تا جون 2018) امدادی و فلاحی سرگرمیوں اور عوامی فلاح و بہبود پر تقریباً 924ملین روپے خرچ کیے ، الخدمت تعلیم ،صحت ، صاف پانی ، کفالت یتامیٰ، کمیونٹی سروسز، آفات سے بچاؤ اور مواخات پروگرام کے تحت امدادی اور فلاحی سرگرمیوں میں مصروف عمل ہے اور یہ تمام کام عوام کے تعاون اور عوام کے الخدمت پر اعتماد کے ذریعہ ہی ممکن ہوتے ہیں۔

الخدمت سے تعاون عوام کے اعتماد کا مظہر ہے ۔ کراچی کے شہری عید الاضحیٰ کے موقع پر قربانی کی کھالیں الخدمت کو دیں اور الخدمت کے آئندہ کے منصوبوں اور پروجیکٹس کو پورا کرنے میں معاون و مددگا ربنیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز ادارہ نورحق میں الخدمت کراچی کی سالانہ کارکردگی رپورٹ ،امدادی سرگرمیوں اور مہم چرم قربانی کے حوالے سے منعقدہ پریس بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

قبل ازیں الخدمت کے کنٹرولر کلین واٹر و کمیونٹی سروسز قاضی صدر الدین نے سالانہ رپورٹ اور کارکردگی پر مشتمل پریزینٹیشن پیش کی۔ اس موقع پر قائم مقام چیف ایگزیکٹو الخدمت کراچی راشد قریشی ‘ جماعت اسلامی کراچی کے سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری،الخدمت کے کنٹرولر آرفن کیئر پروگرام و مواخات عنایت اللہ اسماعیل اور دیگر بھی موجود تھے۔حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ الخدمت کراچی میں سات مختلف شعبوں میں شہریوں کو خدمات مہیا کر رہی ہے جن میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی‘ صحت وتعلیم کی سہولیات کفالت یتامیٰ‘ روزگار اور سماجی خدمات کے شعبے شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ الخدمت کے دو بڑے ذرائع آمدن ہیںجن میں زکوٰة و صدقات کے علاوہ عید قرباں کے موقع پر وصول ہونے والی قربانی کے کھالوں کی فروخت سے ہونے والی آمدنی بھی شامل ہے۔ انہوں نے کہاکہ پینے کے صاف پانی کے ضرورت امیر اور غریب ہر طرح کی آبادیوں میں ہے۔ ہم نے اس شعبے پر خصوصی توجہ دی ہے۔ اس وقت شہر میں الخدمت کے تحت کُل 38 واٹر فلٹریشن پلانٹس کام کر رہے ہیں‘ جہاںسے عوام ایک روپیہ فی لیٹر کے حساب سے لیبارٹری سے ٹیسٹ شدہ صاف پانی حاصل کرسکتے ہیں انہوں نے کہا کہ کراچی میں 55 مختلف مقامات پر ہم نے انتہائی گہری ڈرلنگ کروا کر پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا۔

انہوں نے کہاکہ الخدمت کے تحت شہر کے مختلف مقامات پر 5 ہسپتال‘ 6 میڈیکل سینٹرز‘ 14 کلینکس‘ 2 ڈائیگنوسٹک سینٹرز‘ 8 فارمیسیز‘ 3 بلڈ بینکس اور 15 کلیکشن یونٹس سرگرم عمل ہیں جہاں عوام کو دیگر ہسپتالوں کے مقابلے میں انتہائی کم شرح پر معیاری طبی سہولیات فراہم کی جاتی ہیں۔انہوں نے کہاکہ اس وقت الخدمت کے تحت 1,115 یتیم بچوں کی مکمل طور پر کفالت کی جارہی ہے جس میں ان کی پڑھائی‘ کھانے پینے کے اخراجات اور دیگر ضروریات کی فراہمی کے علاوہ ان کی کردار سازی اور تفریح بھی شامل ہیں۔

انہوں نے کہاکہ 167 بے روزگار افراد کو روزگار کی فراہمی کے لیے بلاسودی قرضے بھی جاری کیے گئے جس پر کُل ایک کروڑ 10 لاکھ روپے صرف ہوئے۔انہوں نے کہاکہ ناظم آباد میں الخدمت ڈائیگنوسٹک سینٹر کا منصوبہ روبہ عمل ہے جس پر تقریباً 26 کروڑ روپے کی لاگت آئے گی۔ شہر میں اس وقت 17 میت گاڑیاں خدمات انجام دے رہی ہیں۔ ہم ان میں 5 نئی بسوں کا اضافہ کرنا چاہتے ہیں جن پر 3 کروڑ 60 لاکھ روپے لاگت آنے کا امکان ہے جب کہ شاہ فیصل کالونی اور ڈیفنس کے علاقے میں دو ہسپتال بھی زیر تعمیر ہیں۔

ہم مخیر حضرات اور کارپوریٹ سیکٹر کے اداروں سے اپیل کرتے ہیں کہ الخدمت کے ان فلاحی اور رفاحی منصوبوں کی تکمیل کے لیے آگے آئیں اور ہمارے ساتھ تعاون کریں تاکہ ہم کراچی کے عوام کو مزید سہولیات فراہم کرسکیں۔