Live Updates

وزیراعظم عمران خان کی تقریر قوم کی آواز تھی، ملک و قوم کی ترقی کے لئے کئے گئے اعلانات کا خیر مقدم کرتے ہیں، میاں زاہد حسین

پیر 20 اگست 2018 21:24

وزیراعظم عمران خان کی تقریر قوم کی آواز تھی، ملک و قوم کی ترقی کے لئے ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اگست2018ء) پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچولز فور م وآل کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدر ،بزنس مین پینل کے سینئر وائس چیئر مین اور سابق صوبائی وزیر میاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ وزیراعظم بننے کے بعد عمران خان نے قوم سے اپنے پہلے خطاب میں قوم کو امید دی اور نئے پاکستان کے لئے ایک واضح روڈ میپ قوم کو پیش کیا۔

ہیومن ڈولپمنٹ، تعلیم، صحت، SMEسیکٹر کی ترقی، کاروباری لاگت میں کمی، ٹورازم کی ترقی ، برآمدات میں اضافہ، بیرونی سرمایہ کاری کے لئے پرائم منسٹر سیکریٹیریٹ میں ون ونڈو آپریشن، FBRاور دیگر اداروں کی تنظیم نو، پروگریسیو ٹیکسیشن کا نظام، غریب اور نچلے طبقے کی ترقی، کرپشن کا خاتمہ، عدالتوں اور عدلیہ کی بہتری، اسٹریٹ چلڈرن ، کراچی کی ترقی، صفائی ، ٹرانسپورٹ اوردیگر بہت سارے وعدے، وزیر اعظم نے قوم کی توقعات کے مطابق ہر شعبہ کا ذکر کیا اور ان شعبوں میں درکار اصلاحات اور ضروری اقدامات پر قوم کو اعتماد میں لیا۔

(جاری ہے)

میاں زاہد حسین نے کہا کہ بزنس کمیونٹی ان تمام اعلانات کا خیر مقدم کرتی ہے اور امید کرتی ہے کہ وفاقی حکومت صوبائی حکومتوں کو ترقی کے اس عمل میں ساتھ لیکر چلے گی اور ان وعدوں کا پاس کرتے ہوئے نئے پاکستان کے خواب کو تعبیر بخشے گی۔ بلوچستان اور فاٹا کی ترقی پاکستان کی خوشحالی کے لئے ناگزیر ہے، ان علاقوں میں مسلسل کام کرنے کی ضرورت ہے، جسکا فوری آغاز ہونا چاہئے۔

میاں زاہد حسین نے کہا کہ موجودہ معاشی حالات جبکہ بیرونی قرضہ جات 95ارب ڈالر پر پہنچ گئے ہیں، زرمبادلہ کے ذخائر 16ارب ڈالر کی خطرناک حد تک کم ہوگئے ہیںاور تجارتی خسارہ 38ارب ڈالر پر ہے، ملک کو ڈالروں کی اشد ضرورت ہے، کوئی واضح حل نہیں ہے۔ بیرون ملک پاکستانی وزیراعظم عمران خان کی اپیل پرقانونی چینلز سے اپنا پیسہ وطن بھیجیں، تاکہ ملکی معیشت کو درپیش مسائل کا تدارک ہوسکے۔

IMFکے تیرہویں پروگرام کے لئے جانا ان معاشی حالات سے نکلنے کا مشکل ترین راستہ ہے، جس سے ملکی سالمیت سمیت تمام شعبہ جات متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ میاں زاہد حسین نے کہا کہ صوبہ سندھ میں بلاول بھٹو کی نوجوان قیادت اور وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ کے تجربہ اور سیاسی لیاقت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے سندھ حکومت صوبہ اور بالخصوص ملک کے معاشی دارلخلافہ کراچی کی حالت زار کو بدلنے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کرے۔

کراچی ترقی کرے گا تو پورا ملک فائدہ اٹھائے گا اور ہر ملک کے طول وعرض میں موجود ہر معاشی و کاروباری شعبہ مستفید ہوگا۔ فی الوقت کراچی میں صاف پانی، صفائی، انفراسٹرکچر، اسٹریٹ کرائمز، ماحولیاتی آلودگی بڑے مسائل ہیں جن سے تمام طبقات متاثر ہیں۔ سندھ حکومت تھر اور اندرون سندھ رہنے والے غریب عوام کو بنیادی ضروریات فراہم کرنے اور سرکاری اسکولوں میں تعلیم کا معیار بہتر کرنے کے لئے بھی اقدامات کرے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات