حکومت پاکستان توہین آمیز خاکوں کی اشاعت کا فوری نوٹس لے، فرقان عزیز بٹ

پیر 20 اگست 2018 21:27

گوجرانوالہ۔20 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2018ء) صدر جماعت اسلا می یوتھ گوجرانوالہ ڈویژن فرقان عزیز بٹ نے کہاہے کہ حکومت پاکستان توہین آمیز خاکوں کی اشاعت کا فوری نوٹس لے، اگر ہالینڈ خاکے بنانے والوں کو روکنے کے لیے سنجیدہ اقدام نہ اٹھائے تو پاکستان عالمی برادری کے ساتھ مل کر اس کے ساتھ سفارتی تعلقات پر نظر ثانی کرے۔

ہمیں ان ممالک سے تعلقات کی کوئی ضرورت نہیں جو سرکاری سرپرستی میں خاتم النبین ؐ کی توہین کے لیے خاکوں کے مقابلے کروا رہے ہیں ۔ اسلامی ممالک کو متحد ہو کر توہین آمیز خاکوں کے خلاف مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنا چاہیے۔ انہوںنے کہاکہ ہالینڈ میں توہین آمیز خاکوں کے مقابلے اور اشاعت کی خبریں عالم اسلام کے لیے ایک بہت بڑا چیلنج ہے ۔

(جاری ہے)

ایک طرف دنیا بھر کے ڈیڑھ ارب سے زائد مسلمانوں کی عقیدے و محبت کے مرکز پررکیک حملے کیے جارہے ہیں اور دوسری طرف پاکستان سمیت عالم اسلام کے حکمران مجرمانہ خاموشی اختیار کیے بیٹھے ہیں ۔

انہوںنے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وہ ہالینڈ حکومت سے شدید احتجاج کرے اور پاکستانی سفیر کو واپس بلاکر پوری صورتحال کا جامع جائزہ لے ۔ انہوںنے کہاکہ تمام مسلمان ممالک اقوام متحدہ میں مشترکہ طور پر ایک قرار داد پیش کریں جس میں حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم اور تمام انبیائے کرام ؑ کی ناموس کے تحفظ کے لیے قانون بنانے کا مطالبہ کیا جائے ۔

انہوںنے کہاکہ توہین آمیز خاکوں کو کوئی مسلمان بھی برداشت نہیں کر سکتا ۔ اگر پھر بھی خاکے بنانے والے حقیقی دہشتگرد باز نہ آئیں تو پوری اسلامی دنیا کو ہالینڈ کی مصنوعات اور ہالینڈ کے ساتھ تجارت کا بائیکاٹ کردینا چاہیے۔ جب تک خاکے بنانے والے ان ممالک کا مکمل بائیکاٹ نہیں کیا جاتا ، یہ لوگ اپنے شیطانی ایجنڈے سے باز نہیں آئیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم پاکستان کا فرض ہے کہ وہ اس سلسلہ میں عالم اسلام کے حکمرانوں سے فوری رابطہ کر یں ۔