وفاقی تعلیمی بورڈ کا ہائر سیکنڈری سکول سرٹیفکیٹ پارٹ II کے سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان

امتحانات میں حصہ لینے والے 59568 امیدواروں میں سے 46112 امیدوار کامیاب قرار پائے ،ْ کامیابی کا تناسب 77.41رہا

پیر 20 اگست 2018 21:44

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اگست2018ء) وفاقی تعلیمی بورڈ نے ہائر سیکنڈری سکول سرٹیفکیٹ پارٹ II کے سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان کر دیا ہے جس کے مطابق امتحانات میں حصہ لینے والے 59568 امیدواروں میں سے 46112 امیدوار کامیاب قرار پائے۔ کامیابی کا مجموعی تناسب 77.41 فیصد رہا۔ امتحانات میں پہلی پوزیشن پنجاب کالج آف سائنس خیابان صادق سرگودھا کینٹ کے طلبہ حماد سلیم، معصومانہ زینب بخاری اور مومنہ ماہم نے 1058 نمبروں کے ساتھ حاصل کی۔

دوسری پوزیشن بھی پنجاب کالج آف سائنس خیابان صادق سرگودھا کے طالب علم محمد معز مبشر نے 1057 نمبروں کے ساتھ حاصل کی جبکہ ہائی ٹیک سکول اینڈ کالج فار گرلز ٹیکسلا کینٹ کی طالبہ ایمن گل 1053 نمبروں کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہیں۔

(جاری ہے)

تمام طلبہ کا تعلق پری میڈیکل گروپ سے ہے۔ پیر کو نتائج کے اعلان کی تقریب وفاقی تعلیمی بورڈ میں منعقد ہوئی جس میں تعلیمی بورڈ کے چیئرمین ڈاکٹر اکرام علی ملک مہمان خصوصی تھے۔

نتائج کا اعلان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عید الاضحیٰ کی تعطیلات کے باعث پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ کو مدعو نہیں کیا گیا۔ فرسٹ ایئر کے رزلٹ کے ساتھ تمام طلبہ کو مدعو کیا جائے گا۔ انہوں نے کامیابی حاصل کرنے والے تمام طلبہ،ان کے والدین اور اساتذہ کو مبارکباد پیش کی۔ نتائج کے مطابق امتحانات میں مجموعی طور پر 59568 طلبہ نے شرکت کی جن میں سے 46112 طلبہ کامیاب ہوئے۔

کامیابی کا تناسب 77.41 فیصد رہا۔ امتحانات میں مجموعی طور پر 47837 ریگولر طلبہ نے شرکت کی جن میں سے 39449 نے کامیابی حاصل کی۔ اس طرح ریگولر طلبہ میں کامیابی کا تناسب 82.47 فیصد رہا جبکہ پرائیویٹ امیدواروں میں مجموعی طور پر 11731 طلبہ نے امتحانات میں شرکت کی جن میں سے 6663 پاس ہوئے، کامیابی کا تناسب 56.80 فیصد رہا۔ تعلیمی بورڈ کے مطابق نتائج وفاقی تعلیمی بورڈ کی ویب سائیٹ www.fbise.edu.pk پر جاری کر دیے گئے ہیں جبکہ جن طلبہ نے داخلہ فارم پر اپنے موبائل نمبرز دیے تھے انہیں ایس ایم ایس کے ذریعے بھی مطلع کر دیا گیا ہے۔

طلبہ 5050 پر ایس ایم ایس کر کے بھی اپنا نتیجہ معلوم کر سکتے ہیں جبکہ چیٹ روم کی سہولت بھی انہیں حاصل ہوگی۔ نتائج کے مطابق پری انجینئرنگ گروپ میں فوجی فائونڈیشن کالج فار بوائز نیو لالہ زار راولپنڈی کینٹ کے طالب علم محمد احمد منصور نے 1049 نمبروں کے ساتھ پہلی، اسلام آباد ماڈل کالج فار بوائز جی ٹین فور کے محمد عزیر آصف نے 1044 نمبروں کے ساتھ دوسری، پی اے ای سی ماڈل کالج برائے خواتین چشمہ میانوالی کی طالبہ بریرہ سعدیہ نے 1042 نمبروں کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔

اسی طرح سائنس جنرل گروپ میں بیس کالج منیر آباد جی ٹی روڈ واہ کینٹ کی طالبہ ایمن عامر نے 1020 نمبروں کے ساتھ پہلی، پنجاب کالج 92 ناظم الدین روڈ ایف ایٹ فور اسلام آباد کی طالبہ رابعہ سجاد نے 991 نمبروں کے ساتھ دوسری اور ایف جی سر سید کالج راولپنڈی کے طالب علم زنیر وسیم نے 990 نمبروں کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔ کامرس گروپ میں پنجاب کالج آف انفارمیشن ٹیکنالوجی آبپارہ اسلام آباد کی طالبہ بسمہ انور نے 980 نمبروں کے ساتھ پہلی، اسی کالج کی مہران حبیب 959 نمبروں کے ساتھ دوسری اور پنجاب کالج آف کامرس پشاور روڈ راولپنڈی کینٹ کی طالبہ علیزہ شاہد 953 نمبروں کے ساتھ تیسری پوزیشن پر رہیں۔

آرٹس گروپ میں پرائیویٹ امیدوار ثانیہ ایمان نے 979 نمبروں کے ساتھ پہلی، اسلام آباد ماڈل کالج برائے خواتین ایف سیون ٹو اسلام آباد کی طالب ماریہ شرافت نے 975 نمبروں کے ساتھ دوسری جبکہ اسی کالج کی طالبہ طاہرہ اعظم نے 968 نمبروں کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔