Live Updates

لوگ فون کردیتے ہیں، نوکری بچانا مشکل ہوجاتا ہے

کچھ روز قبل بااثر نوجوان کو چالان بھرنے پر مجبور کرنے والے ٹریفک پولیس افسر محمد نواز سیال کی گفتگو

پیر 20 اگست 2018 21:45

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اگست2018ء) کچھ روز قبل بااثر نوجوان کو چالان بھرنے پر مجبور کرنے والے ٹریفک پولیس افسر محمد نواز سیال نے کہا ہے کہ جب وہ لوگوں کا ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر چالان کررہے ہوتے ہیں تو بااثر افراد فون کردیتے ہیں جس کے باعث نوکری بچانا بھی مشکل ہوجاتا ہے۔ ایک انٹرویود میں انہوںنے کہاکہ ایک ایسے ہی واقعے میں وہ معطل بھی ہوچکے ہیں، لوگ الزام عائد کردیتے ہیں کہ بدتمیزی کی ہے کیوں کہ اس کو کوئی ثبوت نہیں ہوتا۔

گزشتہ روز کے واقعہ کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نوجوان نے سگنل توڑا تو انہوں نے رکنے کا اشارہ کیا تاہم وہ نہیں رکے جس کے بعد تقریباً ایک کلومیٹر تعاقب کرنے کے بعد انہیں مجبوراً رکنا پڑا۔انہوں نے کہا کہ ہم انتہائی تہذیب سے بات کرتے ہیں اور کہتے ہیں کہ کوئی قانون سے بالاتر نہیں تاہم بہت سے لوگ سمجھتے ہیں کہ قانون ان کے لیے نہیں ہے۔

(جاری ہے)

نواز سیال نے بتایا نے کہا کہ ویڈیو بنانے کا خیال انہیں میڈیا کے ہی ذریعے ا?یا، وائرل ہونے والی ویڈیو کے بعد ان پر کوئی دباؤ نہیں۔انہوں نے کہا کہ میں نے ڈی آئی جی صاحب کو تجویز دی کہ اگر آپ پین کیمرہ دیں تو کارکردگی بہتر ہوسکتی ہے۔ٹریفک اہلکار نے عمران خان سے اپیل کی کہ خیبرپختونخوا کی طرز پر سندھ میں بھی ٹریفک اہلکاروں کو چالان کاٹنے پر ان کی حوصلہ افزائی کی جائے تو سندھ ٹریفک پولیس کی کارکردگی بھی بہتر ہوسکتی ہے۔ان کاکہنا تھا کہ اگر ہمیں ترقی کرنی ہے تو قانون پر عمل درآمد کرنا ہوگا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات