مشیر وزیراعلیٰ سندھ محمد بخش مہر نے قانون کی دھجیاں بکھیر دیں

حلف برداری کے بعد بغیر نمبر پلیٹ کی گاڑی پر مزار قائد پہنچ گئے

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس پیر 20 اگست 2018 21:44

مشیر وزیراعلیٰ سندھ محمد بخش مہر نے قانون کی دھجیاں بکھیر دیں
کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20 اگست 2018ء) :مشیر وزیراعلیٰ سندھ محمد بخش مہر نے قانون کی دھجیاں بکھیر دیں۔ حلف برداری کے بعد بغیر نمبر پلیٹ کی گاڑی پر مزار قائد پہنچ گئے۔تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی نے سندھ اسمبلی میں ہیٹرک مکمل کر لی۔ سابق وزیر اعلی مراد علی شاہ ایک بار پھر وزیر اعلی سندھ منتخب ہو گئے ہیں۔پیپلزپارٹی کے سید مراد علی شاہ اورمتحدہ اپوزیشن کے شہریارمہرمیں مقابلہ ہوا۔

تحریک لبیک نے پیپلزپارٹی یا اپوزیشن کے کسی بھی امیدوارکوووٹ نہ دینے کا فیصلہ کیا تھا۔مراد علی شاہ نے 97 ووٹ حاصل کیے جب کہ متحدہ اپوزیشن کے شہریارمہر نے 61 ارکان کی حمایت حاصل کی۔اس موقع پر مراد علی شاہ کے حق میں نعرے بھی لگائے گئے۔یوں 18 اگست کو وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بھی حلف اٹھایا۔

(جاری ہے)

قائم مقام گورنر آغا سراج درانی نے مراد علی شاہ سے حلف لیا ۔

جس کے بعد وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی نئی کابینہ کے 8 وزراء اور 2 مشیروں نے گورنر ہاؤس میں حلف اٹھایا ۔حلف اٹھاتے ہی وزیر اعلیٰ کابینہ کے ساتھ مزار قائد پہنچے جہاں انہوں نے بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار پر حاضری دی اور دعا کی۔ اس دوران مراد علی شاہ کے مشیر محمد بخش مہر قانون کی دھجیاں اڑاتے ہوئے مزار قائد پہنچے جہاں ان کی کروڑوں روپے مالیت کی گاڑی بغیر نمبر پلیٹ کے تھی۔

گاڑی کے آگے اور پیچھے کوئی نمبر پلیٹ موجود نہیں تھی اور نہ ہی کسی پولیس اہلکار نے محمد بخش مہر کو روکنے کی کوشش کی۔ بعد ازاں محمد بخش مہر کے ترجمان نے وضاحتی بیان میں کہا کہ گاڑی کی نمبر پلیٹ دوران سفر گرگئی تھی جس پر ڈرائیور نے نمبر پلیٹ نصب کرنے کے بجائے گاڑی میں رکھ لی تھی۔ ترجمان کے مطابق سردار محمد بخش مہر قانون پسند شہری ہیں لہٰذا سفر ختم ہونے پر ڈرائیور نے گاڑی کی نمبر پلیٹ فوری لگادی تھی۔