عوام اہلسنت خدمت فائونڈیشن کو قربانی کی چرم دے کرفلاحی کاموں میں ہاتھ بٹائیں ، سربراہ پاکستان سنی تحریک

کے تحت کراچی میں چار فری ڈسپینسریاں عوام کے علاج ومعالجہ کیلئے دن رات مصروف عمل ہے،ثروت اعجاز قادری

پیر 20 اگست 2018 22:07

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اگست2018ء) سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ اہلسنت خدمت فائونڈیشن بلا تفریق عوامی خدمت کیلئے کوشاں ہے ،خدمت سب کیلئے جذبے سے سرشار ہوکر عوامی فلاح وبہبود کیلئے کام کررہے ہیں ،اہلسنت خدمت فائونڈیشن کے تحت کراچی میں چار فری ڈسپینسریاں عوام کے علاج ومعالجہ کیلئے دن رات مصروف عمل ہے ،عوام کی خدمت کا مقصداللہ اور اس کے رسول کی رضا ہے ،انشاء اللہ عوام کو تنہا نہیں چھوڑینگے پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنانے کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے ،کارکنان واہلسنت خدمت کمیٹی کے رضا کار عوامی مسائل کو حل کرنے کیلئے تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں ،اہلسنت خدمت فائونڈیشن بلاتفریق عوام کو پریشانی اور غربت سے نکالنے کیلئے کام کرتا رہیگا ،عوام اہلسنت خدمت فائونڈیشن کو قربانی کی چرم دے فلاحی کاموں میں ہاتھ بٹائیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز اہلسنت پر اہلسنت خدمت فائونڈیشن کے عہدیداروں کے اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ،ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ پاکستان کو مضبوط ومستحکم اور غربت کا مکمل خاتمہ چاہتے ہیں ،زکواة کا نظام اچھا ہوگا اور کرپشن نہیں ہوگی تو غربت کا خاتمہ کرنے میں کافی مدد ملے گی ،موجودہ حکومت نے پاکستان کو اسلامی وفلاحی ریاست بنانے کیلئے جس عزم و اعتماد کا اظہار کیا ہے اس کا خیر مقدم کرتے ہیں ،انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل کیحل کیلئے حکومت اور اپوزیشن کو ایک ہوکر کام کرناچاہیے ،ملک وقوم کی ترقی وخوشحالی کیلئے تعمیری منصوبے بنائے جائیں بیرونی پالیسیوں کو ہمیشہ کیلئے مسترد کردیا جائے ،میڈ ان پاکستان پالیسیاں ملک کی ترقی وخوشحالی اور استحکام کا سبب بنیں گی ۔