Live Updates

تحریک انصاف نے وزراء پر بڑی پابندی لگا دی

وزرا کے سرکاری خرچ پر بیرون ملک علاج پر پابندی لگا دی گئی

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس پیر 20 اگست 2018 22:02

تحریک انصاف نے وزراء پر بڑی پابندی لگا دی
اسلام آباد(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔20 اگست 2018ء) تحریک انصاف کی حکومت میں وفاقی وزراء کو سخت پابندیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ وزرا کے سرکاری خرچ پر بیرون ملک علاج پر پابندی لگا دی گئی۔تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے ہفتے کو ملک کے 22ویں وزیراعظم کے طور پر حلف اٹھایا تھا۔جس کے بعد انہوں نے باقاعدہ وزیر اعظم آفس کا چارج سنبھال لیا۔

اس موقع پر انہوں نے اپنی 20 رکنی کابینہ بھی تشکیل دی ۔20 رکنی وفاقی کابینہ میں وزارت خارجہ کا قلمدان شاہ محمود قریشی، انسانی حقوق کی وزارت کا قلمدان شیریں مزاری کوسونپا گیا ہے۔ جبکہ غلام سرور خان وزیر پٹرولیم، نورالحق قادری مذہبی امور، فروغ نسیم قانون و انصاف کے وزیر ہوں گے۔ اسی طرح دفاعی پیداوار کیلئے زبیدہ جلال ، اطلاعات ونشریات کیلئے، وزارت ریلوے کا قلمدان شیخ رشید کوسونپ دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے وزارت دفاع پرویز خٹک سونپی ہے جبکہ طارق بشیر چیمہ ریاستی اور سرحدی امور،اسد عمروفاقی وزیرخزانہ ہوں گے۔اسی طرح شفقت محمودفیڈرل ایجوکیشن اینڈ پروفیشنل ٹریننگ،خالد مقبول صدیقی انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن ،فہمیدہ مرزا وزیربین الصوبائی رابطہ اور عامر محمود کیانی وزیرصحت ہوں گے۔اسی طرح وفاقی کابینہ میں 5مشیر بھی نامزد کردیے گئے ہیں۔

ان میں ظہیرالدین بابراعوان مشیر پارلیمانی امور، امین اسلم مشیر ماحولیات،ڈاکٹر عشرت حسین کومشیر اصلاحات،عبدالرزاق داؤد کومشیر برائے اقتصادیات اورمحمد شہزاد ارباب مشیر اسٹیبلشمنٹ کونامزد مقرر کیا گیا ہے۔وزیر اعظم آفس کا چارج سنبھالتے ہی عمران خان نے نئے پاکستان کی جھلک دکھا دی اور اتوار کو بھی اپنے گھر آرام کرنے کی بجائے آفس پہنچ گئے۔

اب تازہ ترین اطلاعات کے مطابق وزرا کو بھی عید کی محض 2 چھٹیاں دی گئی ہیں۔وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ یہ دو چھٹیاں بھی سرکاری نہ ہوتیں تو آپکو ہر گز چھٹی نہ ملتی ۔وزیر عمران خان کا کہنا تھا کہ ہفتے میں 2 مرتبہ کابینہ کا اجلاس ہوگا۔اس کے بعد وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ میں 16 گھنٹے روزانہ کی بنیاد پر کام کروں گا اور وزرا اور مشیروں کو بھی 14 گھنٹے کام کرنا ہوگا۔اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے وزراء پر بڑی پابندیاں بھی عائد کیں۔اس موقع پر وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان 3ماہ تک کوئی بیرونی دورہ نہیں کریں گے۔انکا مزید کہنا تھا کہوزرا کے سرکاری خرچ پر بیرون ملک علاج پر پابندی لگا دی گئی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات