Live Updates

وزیراعظم عمران خان کا قوم سے خطاب غیر روایتی تھا‘ عمران خان کے جو دل میں ہو وہی زبان پر ہوتا ہے‘ عمران خان کوئی ڈھکی چھپی نہیں رکھتے کھل کر بات کرتے ہیں‘ عمران خان نے اپنے خطاب کے پوائنٹ خود ترتیب دیے‘ بیرونی قرضوں پر سود کی ادائیگی کیلئے بھی قرضے لینے پڑ رہے ہیں‘ کوئی وفاقی وزیر سرکاری خرچے پر بیرون ملک علاج کیلئے نہیں جاسکے گا‘ سمندر پار پاکستانی ہمارے لئے بہت بڑا اثاثہ ہیں‘ قوم نے عمران خان اور عبدالستار ایدھی صاحب کو اربوں روپے کے عطیات دیے‘ لوگوں کو اعتماد دینے کی ضرورت ہے کہ ان کا ٹیکس کا پیسہ ہمارے پاس ضمانت ہے

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا پی ٹی وی کو انٹرویو

پیر 20 اگست 2018 22:40

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2018ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کا قوم سے خطاب غیر روایتی تھا‘ عمران خان کے جو دل میں ہو وہی زبان پر ہوتا ہے‘ عمران خان کوئی ڈھکی چھپی نہیں رکھتے کھل کر بات کرتے ہیں‘ عمران خان نے اپنے خطاب کے پوائنٹ خود ترتیب دیے‘ بیرونی قرضوں پر سود کی ادائیگی کیلئے بھی قرضے لینے پڑ رہے ہیں‘ کوئی وفاقی وزیر سرکاری خرچے پر بیرون ملک علاج کیلئے نہیں جاسکے گا‘ سمندر پار پاکستانی ہمارے لئے بہت بڑا اثاثہ ہیں‘ قوم نے عمران خان اور عبدالستار ایدھی صاحب کو اربوں روپے کے عطیات دیے‘ لوگوں کو اعتماد دینے کی ضرورت ہے کہ ان کا ٹیکس کا پیسہ ہمارے پاس ضمانت ہے۔

وہ پیر کو وزارت اطلاعات و نشریات کا حلف اٹھانے کے بعد پی ٹی وی کو پہلا انٹرویو دے رہے تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملکی میڈیا میں پی ٹی وی کا اپنا ایک مقام ہے‘ ارادہ تھا کہ سب سے پہلا انٹرویو پی ٹی وی کو دوں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی حلف بردار ی کی تقریب میں بھی انتہائی سادگی اختیار کی گئی۔ ایک سوال کے جواب میں وزیر اطلاعات نے کہا کہ گزشتہ حکومت میں سارک کانفرنس کے نام پر کئی قیمتی گاڑیاں منگوائیں گئیں‘ تمام اضافی گاڑیوں کی نیلامی کی جائے گی‘ ماضی کے حکمرانوں کے غلط اقدامات سے ان کی ساکھ بڑی متاثر ہوئی ۔

فواد چوہدری نے کہا کہ عمران خان جو بات کر رہے ہیں اس پر عملدرآمد کیلئے بھی پرعزم ہیں‘ عمران خان کا سیاست میں آنے کا مقصد ملک کو کسی مقام پر لے جانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی کابینہ نے سیاسی بھرتیاں نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان چاہتے ہیں کہ معاشی حالت بہتر کرنے میں سمندر پاکستانی کلیدی کردار ادا کریں‘ پوری امید ہے کہ معاشی چیلنجز پر قابو پانے میں کامیاب ہو جائیں گے‘ توانائی مسائل کے حل کیلئے ماہرین سے مشاورت کی جارہی ہے۔

خارجہ پالیسی سے متعلق ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا کہ ہماری خارجہ پالیسی ہمسایہ ممالک سمیت دیگر اہم ملکوں کے ساتھ بہتر تعلقات پر مبنی ہے‘ عمران خان کی خارجہ پالیسی کی بنیاد ذاتی تعلقات کی بجائے ریاستی سطح پر ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے چار ٹاسک فورسز بنائی ہیں‘ کابینہ اجلاس میں ہدایت کی گئی کہ تمام وزارتیں اپنے اخراجات کم کریں گیں‘ گورنر ہائوسز کے بہتر استعمال کی حکمت عملی ترتیب دے رہے ہیں‘شفقت محمود کی سربراہی میں کمیٹی گورنر ہائوسز معاملے کا جائزہ لے گی‘ سیاحتی مقامات کے حوالے سے بھی ایک کمیٹی تشکیل دی جارہی ہے۔

پی ٹی وی کی پالیسی کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں فواد چوہدری نے کہا کہ 50 نجی ٹی وی تنقید کرسکتے ہیں تو پی ٹی وی کو بھی پورا حق ہے‘ حکومت سینسر شپ پر یقین نہیں رکھتی۔ انہوں نے کہا کہ انفارمیشن گروپ اور پی ٹی وی کے لوگوں کو ان کا جائز حق دیا جائے گا‘ پی ٹی وی کے بورڈ میں پروفیشنل لوگوں کو لایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اداروں میں بھرتیاں خالصتاً میرٹ پر کی بنیاد پر کی جائیں گی‘ سیاسی بھرتیاں کر کے ادارے تباہ نہیں کریں گے، پی ٹی وی کو اپنے وسائل پر انحصار کرنا ہوگا‘ تفریح، ڈرامہ اور کھیل کا فروغ ہماری ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے کیلئے کام کریں گے۔ ایک اور سوال کے جواب میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ پیپلزپارٹی اور نون لیگ میں شروع دن سے ہی اختلافات سامنے آئے‘ ذاتی رائے ہے کہ صدر کے الیکشن میں مسلم لیگ نون پی پی پی کو سپورٹ نہیں کرے گی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات