پانی کی عدم فراہمی کی شکایات کے پیش نظر ڈپٹی میئر طارق چوہان کی جانب سے بکھر آئلینڈ اور واٹر ورکس کا دورہ

پیر 20 اگست 2018 23:00

سکھر۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2018ء) میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے شہریوں کی جانب سے پانی کی عدم فراہمی کی شکایات کے پیش نظر میئر سکھر کی جانب سے صورتحال کا جائزہ لینے کی ہدایت پر عملدرامد کرتے ہوئے ڈپٹی میئر طارق چوہان نے بکھر آئلینڈ اور واٹر ورکس کا دورہ کر کے صورتحال کا جائزہ لیا اور انچارج واٹر ورکس پیر عطاء الرحمن خان سے معلومات حاصل کیں۔

انچارج واٹر ورکس نے ڈپٹی میئر طارق چوہان کو بتایا کہ فیز III کی لائنوں میں ریت جمع ہونے کی وجہ سے تالاب بھرنے میں مشکلات درپیش تھیں جس کی وجہ سے شہریوں کو پانی کی فراہمی میں تعطل آرہا ہے تاہم لائنوں کی ہنگامی بنیادوں پر صفائی کا کام شروع کردیا گیا ہے۔ عملہ دن رات لائنوں اور تالابوں کی صفائی کے کام میں مصروف عمل ہے، کام کو جلد سے جلد مکمل کر کے جن علاقوں میں پانی کی فراہمی میں تعطل آرہا ہے ان علاقوں میں فراہمی شروع کردی جائے گی۔

(جاری ہے)

ڈپٹی میئر طارق چوہان نے انچارج واٹر ورکس کو ہدایت کی کہ عیدالاضحی کے موقع پر شہریوں کو بلا تعطل پانی کی فراہمی کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں، موٹرز، پمپس اور جنریٹرز کو فعال رکھا جائے‘ غیر فعال مشینری کی ہنگامی بنیادوں پر مرمت کرائی جائے ‘ تالابوں میں پانی کا ذخیرہ رکھنے کے ساتھ ساتھ صفائی کا بھی خاص خیال رکھا جائے تاکہ نہ صرف عیدالاضحی کے ایام بلکہ عام دنوں میں بھی شہر میں قلت آب کی شکایت پیش نہ آئے۔

متعلقہ عنوان :