عیدالاضحی کے ایام میں قربانی کے جانوروں کی آلائشیں ‘باقیات اٹھانے کے انتظامات کا جائزہ اجلاس

پیر 20 اگست 2018 23:00

سکھر۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2018ء) عیدالاضحی کے ایام میں قربانی کے جانوروں کی آلائشیں، باقیات اٹھانے اور صفائی ستھرائی کیلئے کئے گئے انتظامات کا جائزہ اجلاس ڈپٹی میئر طارق حسین چوہان کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں انتظامی کمیٹی کے چیئرمین مختار کھوکھر ، غلام مرتضیٰ گھانگھرو، عبدالخالق جتوئی، عرفان راجپوت سمیت چیف آفیسر ہیڈ کوارٹر آصف علی خان، چیف سینیٹری انسپکٹر صغیر احمد اور سینیٹری انسپکٹرز نے شرکت کی۔

اجلاس میں ڈپٹی میئر طارق حسین چوہان نے افسران کو ہدایت کی کہ تمام متعلقہ محکمے باہمی رابطوں اور اشتراک عمل کو یقینی بنائیں اور ایک ٹیم کی صورت میں کام کریں کیونکہ اتنی بڑی تعداد میں شہر میں ہونے والی جانوروں کی قربانی کے دوران اور اس کے بعد مختلف علاقوں میں صفائی ستھرائی اور صحت بخش ماحول کی فراہمی خود ایک بہت بڑا چیلنج ہے جس سے بلدیاتی اداروں کو عہدہ برآہ ہونے کیلئے سخت محنت اور دلجمعی سے کام کرنے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ہدایت کی کہ شہر کی سڑکوں کے کناروں پر چونے کا چھڑکائو اور جراثیم کش اسپرے کیا جائے تاکہ شہریوں کو صحت مند اور صاف ستھرا ماحول میسر آسکے ‘ انہوں نے کہا کہ عیدالاضحی کے موقع پر جانوروں کی آلائشیں وغیرہ اٹھانے اور صفائی ستھرائی کے کاموں میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی ‘ شہر کی تنگ گلیوں سے آلائشیں اٹھانے کیلئے بلدیہ اعلیٰ سکھر نے لوڈرز اور ٹرالیوں کا بندوبست کرلیا گیا ہے، عیدالاضحی کے تینوں دن شہر کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے مختلف علاقوں کا دورہ کر کے افسران کی کارکردگی مانیٹر کی جائیگی تاکہ کسی بھی جگہ انتظامات میں کوئی کمی ہے تو اسے طوری پورا کرلیا جائے۔

ڈپٹی میئر طارق حسین چوہان نے عیدالاضحی کے ایام میں شہر میں صاف ستھرے اور صحت بخش ماحول کیلئے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ بلدیہ اعلیٰ سکھر کے ساتھ تعاون کریں اور قربانی کے جانوروں کی آلائشیں اور باقیات کچرا کنڈی اور برساتی اور سیوریج نالوں میں ڈالنے کے بجائے کھلی ہوئی نمایاں جگہ پر رکھیں تاکہ انہیںوہاں سے بروقت اٹھایا جاسکے۔

متعلقہ عنوان :